ہفتہ، 17 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اداکار عمران عباس نے اداکاری کیوں چھوڑی ؟وجہ بتا دی


پاکستان کے معروف اداکار و ماڈل عمران عباس نے انکشاف کیا ہے کہ وہ گزشتہ دو تین سال سے اداکاری نہیں کر رہے اور اب رئیل اسٹیٹ کے کاروبار پر توجہ دے رہے ہیں۔


حال ہی میں عمران عباس نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں ٹیلی فونک گفتگو کے دوران میزبان مشی خان سے بات کرتے ہوئے اپنے شوبز کیریئر سے متعلق اہم انکشافات کیے اداکار نے کہا کہ وہ اب ٹیلی وژن پر مزید کام نہیں کر رہے اور انہوں نے گزشتہ دو تین سال سے ڈراموں میں اداکاری چھوڑ رکھی ہے۔ اب وہ اپنے کاروبار کو زیادہ وقت دے رہے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ وہ پیشے کے اعتبار سے آرکیٹیکٹ بھی ہیں اور انہوں نے اسلام آباد میں تعمیراتی کام شروع کر رکھا ہے وہ دارالحکومت میں ایک ٹاور تعمیر کر رہے ہیں، جو اسلام آباد ایئرپورٹ کے قریب زیر تعمیر ہے اور ممکنہ طور پر ڈھائی سال میں مکمل ہو جائے گا۔


عمران عباس نےکہا کہ ان کے والدین اس دنیا میں نہیں رہے اور ان کی اپنی کوئی اولاد بھی نہیں ہے، اس لیے وہ دوسروں کے لیے ایسے کام کرنا چاہتے ہیں جن کا ثواب انہیں آخرت میں مل سکے۔


واضح رہے کہ عمران عباس پاکستان کی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اور ماڈل ہیں، جنہوں نے متعدد ٹیلی وژن ڈراموں میں اپنی اداکاری سےشہرت حاصل کی،عمران عباس اپنے کئی مشہور ڈراموں اور خوبصورت پرسنلٹی کی وجہ سے ناظرین میں مقبول ہیں اور سوشل میڈیا پر ان کے چاہنے والوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔ انسٹاگرام پر بھی ان کے تقریباً 86 لاکھ فالوورز ہیں۔ لیکن پچھلے کچھ عرصے سے وہ شوبز انڈسٹری سے غائب ہیں اور نئے ڈراموں میں کام نہیں کر رہے۔


عمران عباس نے متعدد مقبول پاکستانی ڈراموں میں کام کیا ہےانکے نمایاں ڈراموں میں ”نور العین“ ، ”میری ذات ذرہ بے نشان“، ”خدا اور محبت“، ”کوئی چاند رکھ“، ”محبت تجھے الوداع“، ”احرامِ جنون“، ”تمہارے عشق کے نام“ محبت تم سے نفرت اور ”اکبری اصغری“ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وہ سرحد پار بھی کام کر کے داد وصول کرچکے ہیں۔