صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم کی ملاقات

لاہور: صدر مملکت آصف علی زرداری وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کے لیے ماڈل ٹاؤن لاہور میں ان کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں وزیراعظم نے صدر مملکت کا پُرتپاک استقبال کیا۔
ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت کو اپنے دورہ ترکیہ اور 31ویں کانفرنس آف پارٹیز (COP31) میں شرکت کے حوالے سے آگاہ کیا۔ملاقات میں اتحادی جماعتوں کے درمیان باہمی تعاون، مشاورت کے تسلسل اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے ملک میں معاشی استحکام اور ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز شریف بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں





