ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشواروں کی خودکار جانچ پڑتال کا نیا طریقہ کار متعارف کرا دیا

وفاقی حکومت نے انکم ٹیکس گوشواروں کی خودکار جانچ پڑتال اور ان میں سامنے آنے والی غلطیوں یا بے ضابطگیوں سے متعلق ٹیکس دہندگان کو پیشگی آگاہ کرنے کا طریقہ کار وضع کر دیا، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
ایف بی آر نے اس سلسلے میں ایس آر او 2098(I)/2026 جاری کرتے ہوئے انکم ٹیکس رولز 2002 میں ترمیم کی ہے اور نیا رول 38B شامل کیا ہے، جس کا عنوان خودکار نظام کے ذریعے الیکٹرونک جانچ اور سامنے آنے والے مسائل سے آگاہ کرنے کا طریقہ کار رکھا گیا ہے۔
نئے قواعد کے تحت خودکار نظام انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی دفعہ 120 کی ذیلی دفعہ (2A) کے تحت ٹیکس دہندگان کی جانب سے جمع کرائے گئے انکم ٹیکس گوشواروں کا جائزہ لے گا۔
ایف بی آر کے متعارف کروائے گئے نئے طریقہ کار کے تحت ایف بی آر کا خودکار نظام، بشمول سی آر ایم، ٹیکس دہندگان کے جمع کرائے گئے انکم ٹیکس گوشواروں کا جائزہ لے گا اور کسی بھی حقائق پر مبنی یا قانونی غلطی یا تضاد کی نشاندہی ہونے پر آئی آر آئی ایس کے ذریعے آن لائن ایڈوائس یا پیشگی اطلاع بھیجے گا۔
تاکہ ٹیکس دہندگان قانونی یا تعزیری کارروائی شروع ہونے سے پہلے اپنی وضاحت پیش کر سکیں، غلطیوں کی اصلاح کر سکیں یا دیگر ضروری اقدامات اٹھا سکیں۔ یہ پیشگی اطلاع متعلقہ دائرہ اختیار رکھنےوالا ان لینڈ ریونیو افسر بھی جاری کر سکے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیکس دہندہ کو جواب دینے۔
غلطی درست کرنے یا نشاندہی کردہ بے ضابطگی دور کرنے کے لیے کم از کم سات دن کی مہلت دی جائے گی۔ مقررہ مدت میں جواب موصول نہ ہونے کی صورت میں ٹیکس دہندہ کو دوبارہ یاددہانی بھیجی جائے گی، جس کے لیے بھی کم از کم سات دن کی مہلت مقرر ہوگی۔
خودکار نظام کے ذریعے سامنے آنے والے مسائل، بھیجی گئی اطلاعات اور ٹیکس دہندگان کے جوابات کا ریکارڈ متعلقہ ان لینڈ ریونیو افسر کو فراہم کیا جائے گا، جبکہ تمام اطلاعات، موصولہ جوابات اور کیے گئے اقدامات کا اندراج نظام کے ڈیش بورڈ پر بھی کیا جائے گا-
متعلقہ ان لینڈ ریونیو افسر ٹیکس دہندہ کے جواب کا جائزہ لینے کے بعد ضرورت پڑنے پر انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 اور اس کے تحت بنائے گئے قواعد کے مطابق مزید کارروائی کرے گا۔
مزید پڑھیں




