نورس اٹلانٹک کا پی آئی اے کے ساتھ معاہدہ اچانک معطل ، برطانیہ کے لیے پروازیں بوئنگ 777 طیاروں پر منتقل

ناروے کی فضائی کمپنی نورس اٹلانٹک نے پی آئی اے کے ساتھ اپنا معاہدہ اچانک معطل کردیا۔
پی آئی اے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ نورس اٹلانٹک کی جانب سے معطلی ایسے وقت پر کی گئی جب لندن اور مانچسٹر میں پی آئی اے کے مسافروں کا چیک ان شروع ہونے والی تھا۔
ترجمان کے مطابق نورس ایئرلائن کی جانب سے آپریشن معطل کیے جانے کے باعث گزشتہ روز قومی ایئرلائن کو 2 پروازیں منسوخ کرنا پڑی تھیں، تاہم آج صبح سے برطانیہ کے لیے پروازیں بوئنگ 777 طیاروں کے ذریعے روانہ کردی گئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ روز پروازوں کی منسوخی سے متاثر ہونے والے مسافروں کو ان کی سفری ترجیحات کے مطابق آئندہ دستیاب پروازوں میں منتقل کیا جا رہا ہے، ٹکٹ کی رقم واپس لینے کےخواہشمند مسافروں کو بغیر کسی کٹوتی کے مکمل رقم کی واپسی کی سہو لت فراہم کی جا رہی ہے۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ نورس اٹلانٹک نے پرواز سے کچھ لمحوں قبل بغیر کسی پیشگی اطلاع کے آپریشن معطل کردیا پی آئی اے نے دوسری ائیرلائن پر انحصار ختم کرنے اور فضائی آپریشن کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے فیصلہ کن اقدامات لے لئے ہیں۔
ترجمان نے پروازوں کی منسوخی کے باعث مسافروں کو پیش آنے والی زحمت پر معذرت کرتے ہوئے ان کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ پی آئی اے کا اندرونِ ملک اور بین الاقوامی فضائی آپریشن مجموعی طور پر معمول کے مطابق جاری ہے۔
واضح رہے پی آئی اے نے اس سال 8 اکتوبر کو نورس اٹلانٹک سے چھ ماہ کیلئے دو بوئنگ 787 طیارے ویٹ لیز پر لینے کا معاہدہ کیا تھا،یکم نومبر سے نورس اٹلانٹک کے طیاروں نے پی آئی اے کیلئے پروازیں شروع کی تھی صرف 25 دن میں ہی یہ معاہدہ معطل ہو گیا۔
مزید پڑھیں




