مریم نواز کا آئندہ 5 سال کے دوران 10 لاکھ گھر تعمیر کرنے کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت صوبے میں آئندہ 5 سال کے دوران 10 لاکھ گھر تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے-
ملتان میں اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے انہیں 5 سال میں 5 لاکھ گھر بنانے کا ہدف دیا تھا تاہم انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کم از کم 10 لاکھ گھر تعمیر کیے جائیں گے-
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملتان اسٹیڈیم نے ماضی میں بڑے میچ اور بڑی فتوحات دیکھی ہیں، لیکن آج یہاں منایا جانے والا جشن 25 ہزار خاندانوں کی کامیابی کا جشن ہے، جو کل تک کرائے کے مکانوں میں رہتے تھے اور آج اپنے گھروں کے مالک بن چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسکیم کے تحت ڈھائی لاکھ گھر تعمیر کیے جاچکے ہیں، جن میں سے ایک لاکھ سے زائد مکمل ہیں اور خاندان وہاں رہائش اختیار کرچکے ہیں، جبکہ تقریباً 70 ہزار گھر وں کی تعمیر جاری ہے۔ کہیں دیواریں اٹھائی جا رہی ہیں، کہیں چھتیں ڈالی جا رہی ہیں اور کہیں دروازے اور رنگ و روغن کا کام ہو رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سے پونے 2 سال میں ہونے والی پیشرفت اس بات کا ثبوت ہے کہ اسکیم کے ذریعے ہزاروں خاندانوں کا اپنے گھر کا خواب پورا ہوا ہے آج وہ عوام سے کو ئی نیا وعدہ کرنےنہیں آئیں بلکہ اب وعدوں کی تکمیل کاوقت ہے،تقریب میں ایسی ما ئیں بھی موجود ہیں جنہوں نے برسوں اور دہائیوں تک دوسروں کی چھتوں تلے زندگی گزا ری، لیکن اب وہ اپنی چھت اور اپنے گھر میں زندگی گزار رہی ہیں۔
مزید پڑھیں





