امریکا کے بڑے بینکوں کی آن لائن سروسز متاثر، لاکھوں صارفین کو مشکلات کا سامنا

واشنگٹن: امریکا کے بڑے بینکوں کی آن لائن اور ڈیجیٹل سروسز میں بڑے پیمانے پر تعطل کے باعث صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، متاثرہ مالیاتی اداروں میں جے پی مورگن چیس، بینک آف امریکا، یو ایس بینک، ویلز فارگو اور دیگر بینک شامل ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق پیر کے روز صارفین نے بینکوں کی آن لائن سروسز تک رسائی، اکاؤنٹس کا بیلنس چیک کرنے اور رقوم کی منتقلی میں مشکلات کی شکایات درج کرائیں۔ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق کیپیٹل ون، ٹرسٹ بینک اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کی ایپ زیل (Zelle) کے صارفین نے بھی مسائل کی نشاندہی کی۔چیس بینک کے ترجمان نے واضح کیا کہ سروسز میں تعطل سائبر حملے کے بجائے تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا۔ ترجمان کے مطابق بعض مالیاتی لین دین معمول سے زیادہ وقت لے رہے ہیں، تاہم صارفین اپنے اکاؤنٹس اور رقوم تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ بینک نے کہا کہ خرابی دور کرنے کے لیے کام جاری ہے۔
چیس بینک نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ اس کے سافٹ ویئر میں خرابی کے باعث دوسرے مالیاتی اداروں کے ساتھ ہونے والے بعض مشترکہ لین دین بھی متاثر ہوئے۔ بینک کے مطابق یہ مسئلہ پورے نظام میں پھیلی ہوئی خرابی نہیں ہے۔ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے اعدادوشمار کے مطابق پیر کی دوپہر تک چیس بینک کے تقریباً 4 ہزار 800 صارفین نے سروسز میں تعطل کی شکایات درج کرائی تھیں۔ صارفین کو آن لائن اکاؤنٹس دیکھنے، بینک ٹرانسفر اور وائر ٹرانسفر سمیت مختلف سہولتوں کے استعمال میں مشکلات پیش آئیں۔بینک آف امریکا کے صارفین نے اے ٹی ایم، موبائل بینکنگ اور آن لائن سروسز میں مسائل کی شکایات کیں، تاہم بینک کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ اس کے نظام معمول کے مطابق کام کر رہے تھے۔ یو ایس بینک کے صارفین کو بھی موبائل ایپ، آن لائن اکاؤنٹس اور رقوم کی منتقلی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ویلز فارگو کے صارفین نے لاگ اِن اور اکاؤنٹ بیلنس دیکھنے میں دشواری کی اطلاع دی۔
یو ایس بینک نے وضاحت کی کہ اس کا نظام براہ راست سائبر تعطل سے متاثر نہیں ہوا، تاہم دوسرے مالیاتی اداروں کے ساتھ زیل کے ذریعے رقوم بھیجنے یا وصول کرنے والے صارفین کو تاخیر کا سامنا ہو سکتا ہے۔ کیپیٹل ون نے بھی اپنی سروسز معمول کے مطابق چلنے کا دعویٰ کیا۔زیل کے ترجمان کے مطابق اس کی سروس درست طریقے سے کام کر رہی تھی، تاہم بعض صارفین کے مالیاتی اداروں میں مسائل کے باعث ادائیگیوں میں تاخیر ہو سکتی ہے۔دوسری جانب سائبر سکیورٹی اور ٹیکنالوجی ماہرین نے حالیہ واقعات کو ڈیجیٹل نظاموں کے باہمی انحصار اور ان کی کمزوریوں کی نشاندہی قرار دیا ہے۔ گزشتہ دنوں مائیکروسافٹ کی آؤٹ لک اور ٹیمز سروسز بھی عالمی سطح پر متاثر ہوئی تھیں، جبکہ امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے نظام میں خرابی کے باعث جمعہ کو ملک بھر میں پروازیں روکنے کا حکم دینا پڑا تھا۔ پیر کی شام یونائیٹڈ ایئرلائنز نے بھی اپنے نظام میں بڑے پیمانے پر خرابی دور کرنے کا اعلان کیا۔
یونیورسٹی آف نوٹرے ڈیم کے آئی ٹی ماہر مائیک چیپل کے مطابق ایک ہفتے کے دوران امریکا میں ٹیکنالوجی کے تین بڑے واقعات سامنے آئے، جنہوں نے واضح کیا کہ روزمرہ زندگی میں استعمال ہونے والے باہم منسلک ڈیجیٹل نظام کس قدر پیچیدہ اور کمزور ہو سکتے ہیں۔ماہرین نے بینک صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ آن لائن سروسز متاثر ہونے کی صورت میں قریبی بینک برانچ، اے ٹی ایم، کارڈ یا فون بینکنگ استعمال کریں اور ناکام لین دین اور خرابی کے پیغامات کا ریکارڈ محفوظ رکھیں۔انہوں نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ بینکنگ سروسز میں تعطل کے دوران جعلی ای میلز، ٹیکسٹ پیغامات اور سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے فراڈ کی کوششیں بھی ہو سکتی ہیں۔ صارفین کسی غیر مصدقہ لنک پر کلک نہ کریں اور اپنے اکاؤنٹس سے متعلق معلومات صرف بینک کے سرکاری ذرائع سے حاصل کریں۔
مزید پڑھیں





