جمعرات، 12 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پاکستان کا بیرونی قرضہ 98 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا


عالمی بینک کی تازہ ترین انٹرنیشنل ڈیٹ رپورٹ (نومبر 2026) کے مطابق پاکستان کا مجموعی بیرونی قرضہ 135 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے، جو کہ پچھلی ایک دہائی میں تقریباً دگنا ہوا ہے (2015 میں یہ 68 ارب 67 کروڑ ڈالر تھا).


پاکستان نے مالی سال 26-2025 کے دوران 16 ارب 16 کروڑ ڈالر کے بیرونی قرضے حاصل کیے، جبکہ اسی عرصے میں 14 ارب 43 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کے قرضوں اور سود کی ادائیگی کی گئی, اس کے باوجود ملک کا مجموعی بیرونی سرکاری قرضہ بڑھ کر 98 ارب 7 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا۔


وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری کردہ بیرونی مالی معاونت کی سالانہ رپورٹ کے مطابق مالی سال کے دوران پاکستان کو 8 ارب 95 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی نئی مالی معاونت کے وعدے بھی موصول ہوئے، تاہم حکومت بیرونی قرضوں کے حصول کا مقررہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔


رپورٹ کے مطابق حکومت نے مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں 19 ارب 92 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے بیرونی قرضے اور مالی معاونت حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا، لیکن اس کے مقابلے میں صرف 16 ارب 16 کروڑ ڈالر حاصل ہوئے، جو مقررہ ہدف کا 81 فیصد بنتے ہیں۔


وزارت اقتصادی امور کے مطابق بیرونی قرضوں کی ادائیگی میں 11 ارب 19 کروڑ 80 لاکھ ڈالر اصل رقم جبکہ 3 ارب 23 کروڑ 80 لاکھ ڈالر سود کی مد میں ادا کیے گئے, اس طرح قرضوں کی ادائیگی اور نئے قرضوں کی وصولی کے بعد خالص مالی منتقلی 4 ارب 41 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہی۔


پاکستان کا بیرونی سرکاری قرضہ مالی سال 25-2024 کے اختتام پر 91 ارب 79 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تھا، جو ایک سال میں 6.84 فیصد اضا فے کے بعد 98 ارب 7 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ہو گیا۔ اس سے قبل مالی سال میں بیرونی قرضوں کی ادائیگی پر 13 ارب 32 کروڑ ڈالر خرچ کیے گئے تھے۔


رپورٹ کے مطابق مالی سال 26-2025 میں بجٹ سپورٹ اور ادائیگیوں کے توازن کو بہتر بنانے کے لیے 9 ارب 37 کروڑ 50 لاکھ ڈالر حاصل کیے گئے، جن کا مقصد مالیاتی عدم توازن پر قابو پانا، زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم کرنا اور روپے کی قدر کو سہارا دینا تھا۔


اس رقم میں نیو پاکستان سرٹیفکیٹس کا حصہ 3 ارب 5 کروڑ ڈالر، یعنی 33 فیصد، جبکہ دوست ممالک کے ٹائم ڈپازٹس کا حصہ 3 ارب ڈالر، یعنی 32 فیصد رہا، غیر ملکی کمرشل بینکوں اور بانڈز سے مجموعی طور پر 31 فیصد جبکہ آئی ایم ایف سے 4 فیصد مالی معاونت حاصل ہوئی۔


ترقیاتی منصوبوں کے لیے 3 ارب 43 کروڑ 50 لاکھ ڈالر، پروگرام فنانسنگ کی مد میں ایک ارب 32 کروڑ 90 لاکھ ڈالر اور اشیائے ضروریہ کی درآمد کے لیے 2 ارب 1 کروڑ 90 لاکھ ڈالر فراہم کیے گئے,ترقیاتی فنڈز زیادہ تر توانائی، ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی، آبی وسائل، ٹرانسپورٹ، مواصلات اور تعلیم کے شعبوں میں استعمال کیے گئے۔


کثیرالجہتی مالی معاونت فراہم کرنے والے اداروں میں عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور اسلامی ترقیاتی بینک نمایاں رہے,ان اداروں نے بالترتیب 2 ارب 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر، ایک ارب 77 کروڑ 20 لاکھ ڈالر اور ایک ارب 8 کروڑ 70 لاکھ ڈالر فراہم کیے۔


رپورٹ کے مطابق پاکستان کے مجموعی بیرونی سرکاری قرضوں میں سے 59 ارب 93 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کثیرالجہتی اور دوطرفہ ترقیاتی شراکت داروں سے حاصل کیے گئے,نئے مالی معاہدوں میں 6 ارب 80 کروڑ 90 لاکھ ڈالر وفاقی جبکہ 2 ارب 14 کروڑ 20 لاکھ ڈالر صوبائی منصوبوں اور پروگراموں کے لیے مختص کیے گئے۔


واضح رہے کہ چین پاکستان کا سب سے بڑا قرض دینے والا ملک ہے (جس کے واجب الادا قرض کا حجم تقریباً 22.4 ارب ڈالر ہے)، جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کے 16 ارب 83 کروڑ ڈالر اور ورلڈ بینک کے بھی اربوں ڈالر پاکستان پر واجب الادا ہیں-