سینٹورس مال کو مختص آٹھ کنال عارضی جگہ کی اجازت منسوخ ،خالی کرنے کا حکم

اسلام آباد: کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے سینٹورس مال انتظامیہ کو مختص آٹھ کنال عارضی جگہ کے استعمال کی اجازت منسوخ کرتے ہوئے اسے سات روز میں خالی کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
سی ڈی اے کے مطابق آٹھ کنال پر مشتمل یہ عارضی جگہ اسلام آباد کے بلیو ایریا میں پلاٹ نمبر ایک کے قریب واقع ہے، جو سینٹورس مال انتظامیہ کو عارضی سائٹ اور مارکیٹنگ دفاتر کے قیام کے لیے مختص کی گئی تھی۔سی ڈی اے کی معائنہ ٹیم نے جگہ کا دورہ کیا تو وہاں کوئی مارکیٹنگ دفتر موجود نہیں تھا۔ معائنے کے دوران عارضی جگہ پر کنٹینرز میں مزدوروں کی رہائش اور بیت الخلا پائے گئے، جبکہ وہاں عارضی مسجد، وضو خانہ اور بیڈمنٹن کورٹس بھی قائم کیے گئے تھے۔معائنہ ٹیم کو جگہ پر تعمیراتی سامان بھی ذخیرہ کیا ہوا ملا۔ سی ڈی اے کے مطابق عارضی جگہ کا استعمال اجازت نامے میں طے شدہ شرائط کے خلاف کیا گیا۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سینٹورس مال انتظامیہ کو دو سال کے لیے عارضی جگہ استعمال کرنے کی اجازت دی گئی تھی، تاہم مدت ختم ہونے کے بعد اس کی تجدید نہیں کرائی گئی۔سی ڈی اے نے سینٹورس مال انتظامیہ کو چار کروڑ 84 لاکھ روپے سے زائد کے واجبات ادا کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ اگر انتظامیہ نے سات روز کے اندر عارضی جگہ خالی نہ کی تو اسے انتظامیہ کے خرچ پر کلیئر کروا دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں





