بدھ، 11 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

 آئین کے تحت حاصل اختیارات کسی کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ امانت ہوتے ہیں،جسٹس جمال مندوخیل


سپریم کورٹ کے جسٹس جمال خان مندوخیل نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ ریاست کے دیگر اداروں کے اختیارات پر نگرانی قائم کرنا عدلیہ کا آئینی کردار ہے، جبکہ عدلیہ کو آئین کی تشریح اور اس پر دیانت داری سے عمل درآمد یقینی بنانے کا اختیار حاصل ہے، آئین کے تحت حاصل اختیارات کسی کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ امانت ہوتے ہیں-


سپریم کورٹ میں جسٹس جمال خان مندوخیل کے اعزاز میں منعقدہ فل کورٹ الوداعی ریفرنس میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی، سپریم کورٹ کے ججز، وکلا رہنماؤں اور دیگر شخصیات نے شرکت کی، اس موقع پر جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ سپریم کورٹ میں 5 سال خدمات انجا م دینے کے بعد اب خدا حافظ کہنے کا وقت آ گیا ہے، وہ چاہتے تھے کہ آج بغیر لکھے اپنے دل کی باتیں کریں، تاہم ساتھی جج جسٹس شاہد وحید نے انہیں اپنے تاثرات تحریری طور پر پڑھنے پر قائل کیا۔


انہوں نے کہا کہ وہ آج جو کچھ بھی ہیں، اپنے والدین اور اساتذہ کی وجہ سے ہیں ایک جج اپنے حلف کے بغیر کچھ نہیں ہوتا، اس لیے جج کو اپنا حلف ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے آج کل آزاد عدلیہ کی بات ہوتی ہے، تاہم عدلیہ کو آزاد ہونے کے ساتھ آئین اور قانون کا ماتحت بھی ہونا چاہیے، کسی ایک شخص کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ کسی جج کے کردار یا طرزِ عمل کا حتمی فیصلہ کرے، بلکہ جج کی قابلیت، دیانت داری اور کردار کا اصل معیار اس کے عدالتی فیصلے ہوتے ہیں۔


جسٹس جمال خان مندوخیل نے ایک قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اکثر یہ قول سقراط سے منسوب کیا جاتا ہے کہ ایک جج میں 4 خوبیاں ہو نی چاہئیں، اسے تحمل اور خوش اخلاقی سے فریقین کی بات سننی چاہیے، دانشمندی سے جواب دینا چاہیے، سنجیدگی سے غور و فکر کرنا چاہیے اور غیر جانبداری کے ساتھ فیصلہ کرنا چاہیےآئین اختیار کا سرچشمہ اور اختیارات کی حدود کا تعین کرنے والی دستاویز ہے، جو پار لیمان، عدلیہ اور انتظامیہ کو بتاتا ہے کہ وہ کیا کر سکتے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ ریاست کے دیگر اداروں کے اختیارات پر نگرانی قائم کرنا عدلیہ کا آئینی کردار ہے، جبکہ عدلیہ کو آئین کی تشریح اور اس پر دیانت داری سے عمل درآمد یقینی بنانے کا اختیار حاصل ہے، آئین کے تحت حاصل اختیارات کسی کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ امانت ہوتے ہیں، عام شہریوں کو حقوق اور قانون تک اسی طرح رسائی حاصل ہونی چاہیے جس طرح طاقتور اور بااثر افراد کو حاصل ہوتی ہے۔


جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ آئین میں قراردادِ مقاصد کے تحت عدلیہ کی آزادی کو مکمل طور پر یقینی بنانے کی بات کی گئی ہے، عدلیہ کی آزادی کوئی استحقاق نہیں بلکہ عوام کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت ہے، اس آزادی کا احترام صرف گفتگو سے نہیں بلکہ فیصلے کرنے سے ظاہر ہوتا ہے،ایک جج اپنے عدالتی فیصلوں کے ذریعے ہی آئین اور قانون کی بالادستی برقرار رکھ سکتا ہے۔


جسٹس جمال خان مندوخیل نے اپنے ساتھی ججز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بطور جج انہیں سب سے زیادہ جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس ہاشم کاکڑ نے سپورٹ کیا اکیلا انسان کچھ نہیں ہوتا اور مشاورت سے کیے گئے فیصلے بہتر ہوتے ہیں۔ امید ہے پارلیمان بھی اجتماعی دانش کے تحت فیصلے کرے گی۔