حوثی حملے :سعودی تیل کمپنی 'آرامکو' کے ہیڈ کوارٹر کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات

سعودی عرب کی تیل کمپنی آرامکو کے ہیڈکوارٹر پر حوثیوں کے حملے کے نتیجے میں عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے-
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق معاملے سے براہ راست واقف تین افراد نے بتایا کہ منگل کو سعودی عرب کے شہر ظہران میں واقع آرامکو کے ہیڈکوارٹر پر حملہ کیا گیا، جس کے بعد عمارت میں آگ پھیل گئی، عمارت کے جنوبی حصے کی نویں منزل پر آ گ لگی، جو بعد میں چھٹی سے دسویں منزل تک پھیل گئی،یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب یمن کے ایران کے اتحادی حوثیوں اور سعودی عرب کے درمیان لڑائی میں شدت آ رہی ہے۔
ایک اور ذرائع نے رائٹرز کو بتایا کہ عمارت کی اوپری تین منزلوں کو شدید نقصا ن پہنچا ہے۔ ان منزلوں میں آرامکو کے چیف ایگزیکٹو افسر امین ناصر کا دفتر بھی موجود ہے عمارت کے بعض حصے کی چھت گر چکی ہیں، جبکہ کھڑکیوں اور دروازوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب کی وزارت توانائی نے اپنے بیان میں کہا کہ منگل کی رات ہونے والے حملے کے نتیجے میں محدود پیمانے پر آگ لگی تھی۔ وزارت کے بیان اور ذرائع کی جانب سے بتائے گئے نقصان کی تفصیلات میں فرق سامنے آیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق حملے کے باوجود مشرقی سعودی عرب میں واقع آرامکو کے اس کمپلیکس میں معمول کے مطابق کام جاری ہے، تاہم دو ذرائع نے بتایا کہ بعض ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ عمارت دنیا کی سب سے بڑی تیل کمپنی آرامکو کے اہم آپریشنز سینٹر کی میزبانی کرتی ہے، جہاں سے کمپنی کے ساحلی اور سمندر میں موجود تیل نکالنے کے مراکز، ریفائنریز، تیل برآمد کرنے کے مراکز اور ہزاروں کلومیٹر طویل پائپ لائنوں کی نگرانی میں مدد ملتی ہے۔
مزید پڑھیں





