پنجاب اسمبلی میں کے پی کے میں گورنر راج کی حمایت کی قرارداد جمع

پنجاب اسمبلی میں کے پی کے میں گورنر راج کی حمایت کی قرارداد جمع کروا دی گئی
قرارداد چیف وہپ ن لیگ پنجاب اسمبلی رانا محمد ارشد نے جمع کرائی،قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات، امن و امان کی بگڑتی صورتحال جیسے سنگین چیلنجز درپیش ہیں،وفاقی حکومت کی جانب سے گورنر راج کے فیصلے کو ملک کے وسیع تر مفاد میں دیکھا جانا چاہیے، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ریاست کی رٹ برقرار رکھنے کے لیے وفاقی حکومت کے اقدامات ضروری ہیں،یہ ایوان وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی اور ملکی مفاد کو سیاسی مصلحتوں اور ممکنہ سیاسی نقصان پر ترجیح دی،ریاست کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات سے سیاسی نقصان کے خدشے کے باعث گریز نہیں کرنا چاہیے، ایمرجنسی کا فیصلہ اعداد و شمار، سکیورٹی اداروں کی رپورٹس اور زمینی حقائق کی بنیاد پر لیا گیا، حالات غیر معمولی اقدامات کے متقاضی ہوں تو عوام کے تحفظ کے لیے بروقت اور مؤثر فیصلے ہونے چاہئیں،دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائی، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پوری ریاست اور قوم کا مشترکہ مقصد ہے،قانون کی حکمرانی کسی سیاسی جماعت یا حکومت کا نہیں بلکہ پوری ریاست اور قوم کا مشترکہ مقصد ہوتا ہے، خیبر پختونخوا میں اقدامات عوام کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے میں معاون ثابت ہوں گے، خیبر پختونخوا میں ریاستی اداروں کی مؤثر عمل داری کے قیام کے لیے اقدامات کیے جائیں گے،
قرارداد میں خیبر پختونخوا کے عوام کو پائیدار امن، تحفظ اور معمول کی زندگی فراہم کرنے کی امید کا اظہارکیا گیا اور کہا گیا کہ ملکی استحکام میں سیاسی مفادات کے بجائے پاکستان کے وسیع تر مفاد کو مقدم رکھا گیا، ایوان وفاقی حکومت کے امن و استحکام کے قیام کے لیے تمام ضروری آئینی و قانونی اقدامات کی تائید کرتا ہے، قرارداد میں وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے قومی مفاد کو ترجیح دینے کے موقف کو سراہا گیا اور کہا گیا کہ وفاقی حکومت کے اقدامات خیبر پختونخوا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مؤثر اور مثبت ثابت ہوں گے
مزید پڑھیں



