کیف پر بڑے حملے کی تیاری، روس کی سفارتکاروں اور غیر ملکیوں کو شہر چھوڑنے کی ہدایت

روس نے سفارتکاروں اور غیر ملکی شہریوں سے ایک بار پھر کیف چھوڑنے کی اپیل کرتے ہوئے یوکرین کے دارالحکومت پر نئے بڑے حملوں کی وارننگ جاری کردی۔
روسی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق ماسکو نے یوکرین کے خلاف اپنی فوجی کارروائیوں کے دوران ڈرونز اور میزائلوں کی مسلسل بارش کی ہے، جبکہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران کیف پر حملوں میں تیزی آئی ہے اور اہم بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ہفتے کو جاری بیان میں روسی وزارت خارجہ نے کہاکہ اس سے قبل بھی کیف میں موجود غیر ملکی شہریوں اور سفارتکاروں کو شہر چھوڑ نے اور یوکرین کا سفر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی تھی ہمیں تشویش ہے کہ ہر کسی نے ان انتباہات پر عمل نہیں کیا اور بعض ا فراد جان بوجھ کر خود کو جان لیوا خطرے سے دوچار کر رہے ہیں، روسی مسلح افواج بڑے پیمانے پر جوابی حملے جاری رکھیں گی، کسی بھی ممکنہ منفی نتائج کی مکمل ذمہ داری ان افراد پر عائد ہوگی جو اس انتباہ کو نظرانداز کریں گے۔
دوسری جانب جمعہ کو کیف کے میئر وٹالی کلٹسکو نے کہا تھا کہ شہر کو اب جنگی بنیادوں پر تیار رہنا چاہیے کیونکہ دشمن پلوں اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں کے ذریعے کیف کو تباہ کر رہا ہے۔
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن پر الزام عائد کیاکہ وہ شہری علاقوں پر بڑے پیمانے پر حملوں کی اجازت دے کر مسلح تنازعات کے اصولوں کو پامال کر رہے ہیں، تاہم کریملن نے اس الزام کو مسترد کردیا ہے۔
مزید پڑھیں





