کرشمہ کپورکے مختصرلباس پر سلمان خان ہوئے تھے ناراض

نئی دہلی: بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان ایک بار اداکارہ کرشمہ کپور کے لباس پر ناراض ہوگئے تھے اور انہوں نے فلم کی شوٹنگ روکنے کی بات بھی کردی تھی۔ یہ دلچسپ واقعہ سال 2000 میں ریلیز ہونے والی فلم ’دلہن ہم لے جائیں گے‘ کی شوٹنگ کے دوران پیش آیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان اور کرشمہ کپور نے حال ہی میں کرن جوہر کے چیٹ شو ’کافی ود کرن‘ کے نویں سیزن کی پہلی قسط میں اس واقعے کو یاد کیا، جس پر دونوں نے دلچسپ گفتگو کی۔کرشمہ کپور نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران انہوں نے ایک ایسی ڈریس پہنی تھی جس میں وہ خود کو بہت خوبصورت محسوس کر رہی تھیں، تاہم سلمان خان کو ان کا لباس پسند نہیں آیا۔ سلمان نے انہیں دیکھ کر کہا کہ ’’تم نے یہ کیا پہن رکھا ہے؟‘‘ اور بار بار لباس نیچے کرنے کو کہا۔اداکارہ کے مطابق ان کی ڈریس جسم سے چپکی ہوئی اور نسبتاً مختصر تھی۔ ڈانس کے دوران لباس مزید اوپر ہوجاتا تھا، جس پر سلمان خان کو اعتراض تھا۔ انہوں نے فلم کے ہدایت کار ڈیوڈ دھون سے بھی شکایت کی اور لباس تبدیل کرنے پر زور دیا۔
کرشمہ کپور نے بتایا کہ ڈیوڈ دھون نے بھی سلمان خان کو سمجھانے کی کوشش کی، لیکن وہ اپنی بات پر قائم رہے اور شوٹنگ جاری رکھنے پر آمادہ نہیں تھے۔ اس دوران دونوں کے درمیان لباس کے معاملے پر بحث بھی ہوئی۔کرشمہ نے مزید بتایا کہ سلمان خان اپنے ساتھی فنکاروں کے حوالے سے بہت فکر مند رہتے ہیں اور ان کی حفاظت کا خیال رکھتے ہیں۔ اس واقعے کے بعد ان کی ٹیم اور ہیئر اسٹائلسٹ بھی ہر شاٹ سے پہلے لباس درست ہونے کو یقینی بنانے لگے تھے۔
واضح رہے کہ سلمان خان اور کرشمہ کپور نے 1990 کی دہائی اور بعد کے برسوں میں متعدد فلموں میں ایک ساتھ کام کیا، جبکہ فلم ’دلہن ہم لے جائیں گے‘ میں ان کی جوڑی کو بھی ناظرین نے پسند کیا تھا۔
مزید پڑھیں



