پیر، 26 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

سائنوسائٹس، ہومیوپیتھک علاج،تحریر: ڈاکٹر نازیہ ندیم

نقطہ نظر
dr nazia nadeem

سائنوسائٹس کا عارضہ جب انسان کو اپنی لپیٹ میں لیتا ہے تو روزمرہ کی زندگی شدید الجھن اور تکلیف کا شکار ہو جاتی ہے۔ انسان کا چہرہ، پیشانی اور آنکھوں کا درمیانی حصہ دباؤ اور سوزش سے بھر جاتا ہے، اور یوں لگتا ہے جیسے پورا سر کسی سنگین بوجھ تلے دبا ہوا ہے۔ جب نتھنوں سے سانس کا باقاعدہ گزر دشوار ہو جائے، ناک سے گاڑھا، زرد یا سبز بلغم خارج ہو، اور گلے کے پچھلے حصے میں رطوبت کا مسلسل رساؤ ذہن اور جسم کو نڈھال کرنے لگے تو یہی وہ کیفیت ہے جسے طبی دنیا میں سائنوسائٹس کہا جاتا ہے۔ اس سوزش کی بنیادی وجوہات میں نزلہ زکام کا بگڑ جانا، ہوا میں موجود گرد و غبار، الرجی، تمباکو نوشی، اور ناک کی ہڈی کا ٹیڑھا ہونا شامل ہیں جن کی وجہ سے سائنسیز کے ہوا دار خانے بند ہو کر جراثیم کی آماجگاہ بن جاتے ہیں۔ عام روایتی علاج میں وقتی طور پر سکون دینے والے اسپرے یا اینٹی بائیوٹکس کا سہارا لیا جاتا ہے، لیکن ہومیو پیتھک طریقہ علاج میں اس مرض کو صرف ناک یا چہرے کا مقامی مسئلہ نہیں سمجھا جاتا بلکہ مریض کے مجموعی نظامِ مدافعت، اس کے مزاج اور علامات کی باریکیوں کو سامنے رکھ کر شفا کا عمل شروع کیا جاتا ہے۔


ہومیو پیتھی میں سائنوسائٹس کا علاج مریض کی انفرادی علامات اور تکلیف کے مخصوص انداز پر منحصر ہوتا ہے۔ جب کسی مریض کو ناک کی جڑ اور پیشانی میں ایک نقطے پر شدید درد محسوس ہو اور ناک سے نکلنے والا بلغم انتہائی گاڑھا، چپکنے والا اور تار کی طرح کھنچنے والا ہو تو ایسی صورت میں 'کالی بائیکرومکم' بہترین دوا ثابت ہوتی ہے۔ یہ دوا سائنسیز کے اندر جمنے والی اس سخت رطوبت کو نرم کر کے باہر نکالنے میں معاون بنتی ہے جو پیشانی کے شدید دباؤ کا سبب بن رہی ہوتی ہے۔ دوسری جانب بعض مریض ایسے ہوتے ہیں جن کی ناک مستقل بند رہتی ہے اور وہ معمولی سی ٹھنڈی ہوا سے بھی شدید متاثر ہو جاتے ہیں۔ ایسے افراد کو بار بار چھینکیں آتی ہیں اور ان کا سر درد ٹھنڈ لگنے سے شدید تر ہو جاتا ہے لیکن سر کو گرم کپڑے سے ڈھانپنے سے نمایاں سکون ملتا ہے۔ اس قسم کے نازک مزاج مریضوں کے لیے سائلینشیا ایک بہترین معالج کا کردار ادا کرتی ہے جو جسم کی قدرتی قوتِ مدافعت کو بیدار کر کے مزمن یا پرانے نزلے کو جڑ سے اکھاڑ پھینکتی ہے۔


اس مرض کے کچھ مریض ایسے ہوتے ہیں جن کی علامات ہر کچھ دیر بعد بدلتی رہتی ہیں۔ وہ بند اور گرم کمرے میں سخت کوفت اور حبس محسوس کرتے ہیں جبکہ کھلی اور تازہ ہوا میں جاتے ہی ان کا سر درد اور ناک کی بندش کافی حد تک بہتر ہو جاتی ہے۔ ان کے ناک سے زردی مائل گاڑھا بلغم نکلتا ہے اور انہیں پیاس بالکل نہیں لگتی۔ مزاج کی اس خاص تبدیلی اور کھلی ہوا میں راحت ملنے کی علامات پر 'پلسٹیلا' انتہائی مؤثر اثر دکھاتی ہے۔ اس کے برعکس جب سائنوسائٹس کی شدت اس حد تک بڑھ جائے کہ مریض معمولی سی لمس یا ٹھنڈی ہوا کو بھی برداشت نہ کر سکے، ناک کے اندر چھونے سے شدید درد ہو اور ہلکی سی ہوا لگنے سے بھی نزلہ بھڑک اٹھے تو 'ہیپر سلف' دوا کا استعمال سائنسیز کے ورم کو کم کر کے پیپ اور سوزش کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔


ایک اور تکلیف دہ صورتحال وہ ہوتی ہے جب بلغم کا بہاؤ ناک سے باہر نکلنے کے بجائے مسلسل گلے کے پچھلے حصے میں گرتا رہتا ہے جس سے گلے میں ہر وقت خراش، کھانسی اور کھنکارنے کی ضرورت پیش آتی ہے۔ اس کیرا گرنے کی علامت اور گلے کے اندرونی بلغم کو صاف کرنے کے لیے 'ہائیڈراسٹس' ایک لاجواب دوا تسلیم کی جاتی ہے جو سائنسیز کی اندرونی جھلیوں کو تقویت دیتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اگر سائنوسائٹس کے ساتھ منہ میں لعاب کی زیادتی ہو، رات کے وقت چہرے اور دانتوں کا درد شدید ہو جائے، اور ناک سے بدبودار رساؤ جاری رہے تو 'مرکیوریس سول' مریض کی اس ذہنی اور جسمانی بے چینی کو دور کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔


ہومیو پیتھک اصولوں کے مطابق بنیادی ادویات کے ساتھ ساتھ بافتی نمکیات یعنی بائیو کیمیک ادویات بھی اس مرض کے علاج میں غیر معمولی تیزی لاتی ہیں۔ سائنوسائٹس کے ابتدائی مرحلے پر جب سوزش شروع ہو رہی ہو اور ہلکی تپش محسوس ہو تو فیرم فاس کا استعمال مرض کو آگے بڑھنے سے روکتا ہے۔ جب ناک میں سفید یا گاڑھا بلغم جمنے لگے تو 'کالی میور' مددگار بنتی ہے، جبکہ پانی کی طرح پتلی اور مسلسل بہتی ہوئی ناک کی صورت میں 'نیٹرم میور' مریض کی اندرونی رطوبتوں کے توازن کو بحال کرتی ہے۔ اس پورے طریقہ علاج کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ مریض کو وقتی طور پر دبانے کے بجائے جسم کے اندرونی مدافعتی نظام کو اس قابل بناتا ہے کہ وہ سائنسیز میں موجود ورم کا خود خاتمہ کر سکے۔


مرض کی علامات کو کنٹرول کرنے کے لیے دوائیں اپنی جگہ اہم ہیں لیکن ان کے ساتھ ساتھ قدرتی احتیاطی تدابیر کی اہمیت سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا۔ گرم پانی کی بھاپ لینا، نمکین پانی سے ناک کی صفائی کرنا، وافر مقدار میں نیم گرم پانی کا استعمال اور گرد و غبار سے چہرے کو محفوظ رکھنا علاج کی رفتار کو دوگنا کر دیتا ہے۔ ہومیو پیتھک طریقہ علاج مریض کو نا صرف درد اور دباؤ سے دائمی نجات دلاتا ہے بلکہ بار بار نزلہ زکام اور الرجی کا شکار ہونے کی رجحان کو بھی ختم کر دیتا ہے۔ تاھم اس بات کو ہمیشہ پیشِ نظر رکھنا چاہیے کہ ہومیو پیتھی کی ہر دوا مریض کی انفرادی علامات، مزاج اور مرض کی نوعیت سے جڑی ہوتی ہے، اس لیے کسی بھی ہومیو پیتھک دوا کو خود سے استعمال کرنے کے بجائے کسی مستند معالج کے زیرِ سایہ اور ان کی تجویز کردہ طاقت میں استعمال کرنا ہی شفا کی طرف ایک محفوظ اور واقعی درست قدم ہے۔