جاپان کے تعاون سے مری کے گاوں نمبل میں رابطہ سڑک کی تعمیر مکمل، افتتاح کر دیا گیا

پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی نے مری کی تحصیل کے گاوں نمبل میں رابطہ سڑک کی بہتری کے منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ جاپانی حکومت نے اس منصوبے کے لیے 64 ہزار 528 امریکی ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی۔جاپانی سفارت خانے کے مطابق 26 اکتوبر 2026 کو منعقدہ افتتاحی تقریب میں مری کی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سدرہ بتول، جاپانی سفارت خانے کے حکام، میزان اسلامک ماڈل اسکول کے نمائندوں، اساتذہ، طلبہ، والدین اور مقامی افراد نے شرکت کی۔یہ منصوبہ جاپانی حکومت کے گراس روٹس ہیومن سکیورٹی پروجیکٹس پروگرام کے تحت مکمل کیا گیا، جس پر عمل درآمد میزان اسلامک ماڈل اسکول نے کیا۔
ادارہ پاکستان میں تعلیم کے فروغ، استعداد کار میں اضافے اور کمزور طبقات کی معاونت کے لیے کام کر رہا ہے۔منصوبے کے تحت پائیدار کنکریٹ رابطہ سڑک تعمیر کی گئی ہے، جبکہ مقامی آبی گزرگاہوں پر حفاظتی پلیاں بھی بنائی گئی ہیں۔ اس تعمیر سے پہلے موجود کچے اور غیر محفوظ راستوں کی جگہ بہتر اور مضبوط سڑک فراہم کی گئی ہے، جس سے بارشوں اور سیلابی صورتحال کے دوران آمدورفت کے مسائل کم کرنے میں مدد ملے گی۔منصوبے میں مقامی آبادی اور ادارے نے بھی بھرپور تعاون کیا۔ میزان اسلامک ماڈل اسکول اور مقامی افراد نے اضافی وسائل فراہم کیے، جن میں 45 لاکھ روپے مالیت کی زمین، تکنیکی نگرانی اور مقامی پتھر شامل ہیں۔گاوں نمبل میں ناکافی سڑکوں کے باعث روزمرہ آمدورفت طویل عرصے سے مشکلات کا شکار تھی، جبکہ ہنگامی حالات میں بھی شہریوں کو خطرات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
نئی سڑک سے 500 سے زائد طلبہ کو محفوظ طریقے سے اسکول آنے جانے میں سہولت حاصل ہوگی اور انہیں سیلابی پانی کے خطرے سے دوچار ندی نالوں کی گزرگاہوں کو عبور نہیں کرنا پڑے گا۔اس منصوبے سے علاقے کے 2 ہزار 540 مقامی باشندے بھی مستفید ہوں گے، کیونکہ بہتر سڑک کے ذریعے صحت کی سہولیات اور بازاروں تک رسائی آسان اور روزمرہ زندگی زیادہ محفوظ ہو جائے گی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپانی سفیر اکاماتسو شوئیچی نے دشوار گزار جغرافیائی حالات اور سخت موسمی مشکلات کے باوجود منصوبہ کامیابی سے مکمل کرنے پر میزان اسلامک ماڈل اسکول کو مبارک باد دی۔انہوں نے کہا کہ محفوظ اور قابل اعتماد بنیادی ڈھانچے تک رسائی لوگوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے اور پائیدار ترقی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
انہوں نے بالخصوص اسکولوں تک محفوظ سڑکوں کی فراہمی کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر بچے کو تعلیم حاصل کرنے اور بہتر مستقبل کی تعمیر کا موقع ملنا چاہیے۔جاپانی سفیر نے پاکستان کی پائیدار ترقی میں معاونت کے لیے جاپان کے عزم کا اعادہ کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ سڑک پاکستان اور جاپان کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعاون کی ایک پائیدار علامت ثابت ہوگی۔
مزید پڑھیں





