پیر، 26 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

کے پی پولیس کو جدید ساز و سامان کی فراہمی، اے پی سیز، ایمبولینسز افسران کے حوالے


خیبر پختونخوا پولیس کو جدید ساز و سامان سے لیس کرنے کے عزم کے تحت 8 جدید اے پی سیز اور 10 ایمبولینسز مختلف ریجنز کے ضلعی پولیس افسران کے حوالے کر دی گئیں۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس ذوالفقار حمید نے تمام اے پی سیز اور ایمبولینسز کا خصوصی معائنہ کیا اور ان کے بارے میں تفصیلی آگاہی حاصل کی، بعدازاں انہوں نے گاڑیوں کی چابیاں متعلقہ اعلیٰ افسران کے حوالے کیں۔


سنٹرل پولیس آفس کے مطابق پولیس کے حوالے کی جانے والی اے پی سیز میں 6 ضرب حیدر جبکہ 2 ڈریگون کلاس اے پی سیز شامل ہیں۔ اس موقع پر آئی جی پولیس ذوالفقار حمید نے کہا کہ جدید اے پی سیز ہنگامی حالات اور دورانِ آپریشنز جوانوں کی محفوظ نقل و حرکت یقینی بنائیں گی۔


انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کو ہر قسم کے طبی آلات اور ضروریات سے لیس جدید ایمبولینسز فراہم کر رہے ہیں تاکہ فیلڈ میں زخمی ہونے والے جوانوں کو بروقت ابتدائی طبی امداد دے کر ہسپتال پہنچانا آسان ہو سکے۔