منگل، 27 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

خیبر پختونخوا پولیس کے لیے خصوصی انشورنس پالیسی متعارف

kpk-police

خیبر پختونخوا پولیس کے لیے خصوصی انشورنس پالیسی متعارف کرانے پر کام شروع کر دیا گیا ہے-


ذرائع کے مطابق پالیسی کے تحت دورانِ ڈیوٹی شہید ہونے والے اہلکاروں کے لواحقین کو موجودہ شہدا پیکج کے علاوہ انشورنس کمپنی کی جانب سے اضافی معاوضہ دیا جائے گا، جبکہ پولیس افسران، اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو مفت علاج کی سہولت بھی حاصل ہو گی۔


انشورنس پالیسی کے حوالے سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور انسپکٹر جنرل پولیس کے درمیان مشاورت ہوئی ہے،گورنر کی ہدایت پر انشورنس کمپنی کے ساتھ بھی اجلاس منعقد کیا گیا، جس کے بعد مجوزہ پلان آئی جی پولیس کے ویلفیئر ونگ کو پیش کردیا گیا ہے۔


متعلقہ حکام کے مطابق پلان کو حتمی شکل دینے کے بعد گورنر اور آئی جی پولیس کی مشاورت سے اس کی منظوری دی جائے گی،انشورنس کمپنی اور پولیس ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ خصوصی انشورنس پلان حتمی مراحل میں ہے۔


ذرائع کے مطابق دہشتگردی کے خلاف لڑنے والی پولیس فورس کے علاج معالجے، شہدا کے لواحقین کے مالی تحفظ اور اہلکاروں کے خاندا نوں کی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔


مجوزہ پالیسی کے تحت پولیس افسران اور اہلکاروں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ ان کے اہل خانہ بھی اس سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔ پولیس حکام نے انشورنس کمپنی پر واضح کیا ہے کہ علاج کی سہولت عہدے کی تفریق کے بغیر تمام اہلکاروں اور افسر ان کو یکساں طور پر دستیاب ہونی چاہیے۔


ذرائع کے مطابق اس منصوبے میں بہتر اسپتالوں میں علاج، نجی کمرے اور ہنگامی طبی سہولیات کی فراہمی بھی شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ تاہم ان سہولیات کی حتمی تفصیلات اور انشورنس کوریج کا تعین پالیسی کی منظوری کے بعد ہو گا۔


پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے پہلے ہی شہدا پیکج موجود ہے، تاہم نئے انتظامی سیٹ اپ کے قیام کے بعد اس میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق شہدا کے لیے پلاٹ کے بجائے نقد معاوضہ دینے کی منظوری بھی دی گئی ہےمجوزہ انشورنس پالیسی کے تحت شہید ہونے والے اہلکاروں کے لواحقین کو اس کے علاوہ الگ سے معاوضہ دینے کی تجویز ہے۔

پولیس حکام کے مطابق مجوزہ انشورنس پالیسی کا مقصد ان مسائل کو کم کرنا اور اہلکاروں کو علاج کے لیے فوری مالی تحفظ فراہم کرنا ہے خیبر پختونخوا پولیس فورس کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 24 ہزار سے زیادہ ہے، تاہم ان کے اہل خانہ کی تعداد اور متعلقہ کوائف مرتب کرنے کا عمل ابھی مکمل نہیں ہوا۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کے حتمی اعداد و شمار مرتب ہونے کے بعد انشورنس پلان کے مالی حجم، کوریج اور دیگر شرائط کو حتمی شکل دی جائے گی انشورنس کمپنی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ سندھ پولیس انشورنس کی سہولت حاصل کر چکی ہے، جبکہ اب خیبر پختونخوا پولیس بھی انشورنس کی سہولت حاصل کررہی ہے۔