بدھ، 11 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

سیکیورٹی فورسز کی کارروائی: افغان آرمی سے تربیت یافتہ دہشتگرد گرفتار


پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے ایک اہم آپریشن کے دوران افغان صوبے چمکنی سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد حکمت اللہ عرف حمزہ کو گرفتار کر لیا ہے۔


سی پی او پشاور اور پولیس حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد کا ماضی میں افغان نیشنل آرمی (اے این اے) سے تعلق رہا ہے اور اس کی گرفتاری سے پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کے استعمال اور دہشت گردانہ نیٹ ورکس سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔


ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی عباس احسن نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار خارجی حکمت اللہ سے دورانِ تفتیش انتہائی اہم اور حساس معلومات حاصل ہوئی ہیں,ملزم پہلے افغان آرمی میں خدمات انجام دے چکا ہے، جہاں اس نے تربیت حاصل کی بعد ازاں افغان آرمی کے خاتمے کے بعد وہ دوبارہ مدرسے میں داخل ہوا اور وہاں دہشتگردوں کو تربیت دینے کے ساتھ خودکش حملہ آور بھی تیار کیے ملزم گل بہادر گروپ کے ساتھ بھی وابستہ رہا ہے، جبکہ پاکستان میں اس کے سہولت کار بھی موجود تھے۔


تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نہ صرف افغان نیشنل آرمی کا حصہ رہا ہے بلکہ وہ درس و تدریس سے بھی وابستہ رہا ہےسیکیورٹی فورسز کی اس مؤثر کارروائی کو صوبے میں دہشت گردی کے خلاف جاری مہم کے دوران ایک بڑی اور نمایاں کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔


اس موقع پر نگراں صوبائی وزیر محمود خان نے اپنے ردِعمل میں کہا کہ یہ گرفتاری اس بات کا روشن ثبوت ہے کہ افغان سرزمین مسلسل پاکستان کے خلاف دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے استعمال ہو رہی ہے انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان متعدد بار افغان حکام کو اس سلسلے میں مصدقہ ثبوت فراہم کر چکا ہے اور تمام شواہد کے ساتھ اپنا موقف اور کیس عالمی برادری کے سامنے بھی پیش کیا جا چکا ہے۔


دورانِ تفتیش گرفتار دہشت گرد حکمت اللہ نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے اردو زبان کی تربیت حاصل کر رکھی تھی اور وہ فکر ی مغالطے کے باعث غلط راستے پر چل پڑا تھا وہ جعلی جہاد کے نام پر پاکستان میں مختلف کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں، تاہم گرفتاری کے بعد پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے اس کے ساتھ انتہائی ذمہ دارانہ اور مناسب سلوک کیا ہے۔


ویڈیو بیان میں ملزم نے پاکستان میں داخل ہونے، مختلف علاقوں سے گزرتے ہوئے پشاور کے قریب پہنچنے اور ایک چیک پوسٹ پر فائرنگ کے تبادلے کا بھی ذکر کیا۔ دہشتگرد نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ وہ جسے جہاد سمجھ رہے تھے، درحقیقت وہ غلط راستہ تھا، اس نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر طالبان کو اس کے بیان کا علم ہوگیا تو وہ اسے قتل کردیں گے۔


ترجمان نامزد اضلاع محمود جان بابر نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اب صوبہ، وفاق اور تمام متعلقہ ادارے ایک پیج پر ہیں,ملزم سے حاصل ہونے والے انکشافات کی روشنی میں مزید تحقیقات اور کارروائیاں جاری ہیں۔