بدھ، 11 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

صرف ایک لال بیگ،تحریر:انعم عباسی

نقطہ نظر
anam abbasi

اسے دنیا کی کسی چیز سے خوف نہیں آتا تھا۔


اندھیری راتیں، سنسان راستے، بلند و بالا عمارتیں، تیز بارش، گرجتے بادل، تنہا سفر، اجنبی چہرے، حتیٰ کہ زندگی کے وہ کٹھن مراحل بھی جن کے تصور سے عام انسان کے قدم لڑکھڑا جاتے ہیں، اس کے لیے کبھی خوف کا باعث نہیں بنے تھے۔ وہ ایک مضبوط اعصاب کی مالک عورت تھی۔ اس کی آنکھوں میں اعتماد تھا، لہجے میں ٹھہراؤ اور شخصیت میں ایک ایسی خودمختاری جسے دیکھ کر لوگ اکثر کہا کرتے تھے کہ یہ عورت کسی سے نہیں ڈرتی۔


لیکن اس کی اس مضبوط شخصیت کے اندر ایک ایسا خوف بھی چھپا ہوا تھا جس کا ذکر کرتے ہوئے وہ خود بھی شرمندگی محسوس کرنے لگتی تھی۔


لال بیگ!


جی ہاں، محض ایک لال بیگ۔


ایک چھوٹا سا کیڑا، جو کسی دیوار کے کونے سے نکلتا، فرش پر دوڑتا یا کسی پرانی الماری کے پیچھے سے اچانک نمودار ہوتا تو اس کے اندر جیسے کوئی قیامت برپا ہو جاتی۔ اس کا دل تیزی سے دھڑکنے لگتا، جسم پر سنسنی دوڑ جاتی، ہاتھ پاؤں ٹھنڈے پڑ جاتے اور حلق سے ایک ایسی چیخ نکلتی جس پر خود اس کا اختیار نہیں ہوتا تھا


بچپن میں جب کبھی گھر کے صحن میں یا باورچی خانے کے کسی کونے میں لال بیگ دکھائی دیتا، وہ فوراً چیخ مار کر کسی کرسی، چارپائی یا صوفے پر چڑھ جاتی۔ اس کے والد، والدہ یا بھائیوں میں سے کوئی نہ کوئی اس کی چیخ سن کر وہاں پہنچ جاتا۔


’’ارے کیا ہوا؟‘‘


’’لال بیگ! وہاں لال بیگ ہے!‘‘


اس کی آواز میں ایسی گھبراہٹ ہوتی کہ گھر والے بھی فوراً اس کی طرف متوجہ ہو جاتے۔ کوئی جھاڑو لے کر اسے مار دیتا، کوئی باہر پھینک دیتا اور کوئی اسے تسلی دیتے ہوئے کہتا:


’’بس، ختم ہو گیا۔ اب نیچے آ جاؤ۔ کچھ نہیں ہے۔‘‘


وہ دھیرے دھیرے نیچے اترتی، اپنے کپڑوں کو جھاڑتی اور چند لمحوں بعد معمول کے مطابق ہنسنے بولنے لگتی۔


گھر والوں نے کبھی اس کے خوف کا مذاق نہیں بنایا تھا۔ انہیں معلوم تھا کہ یہ اس کی فطرت کا ایک ایسا پہلو ہے جس پر اس کا اختیار نہیں۔ وہ اس کے خوف کو ختم نہیں کر سکتے تھے، مگر اس کے خوف کے وقت اس کے ساتھ کھڑے ضرور ہو سکتے تھے۔


اور شاید یہی وہ چھوٹی سی بات تھی جس کا احساس اسے زندگی کے بہت بعد میں ہوا۔


وقت گزرتا گیا۔ بچپن جوانی میں بدل گیا۔ وہ تعلیم یافتہ، باشعور اور ایک پُراعتماد عورت بن گئی۔ زندگی نے اسے بہت سے تجربات دیے۔ اس نے مشکلات کا سامنا کیا، اپنے فیصلے خود کیے اور ہر موقع پر اپنی ہمت کا ثبوت دیا۔


پھر ایک دن اس کی شادی ہو گئی۔


شادی کے ابتدائی دن تھے۔ ایک شام وہ اپنے شوہر کے ساتھ کمرے میں بیٹھی ہوئی تھی۔ دونوں معمول کی گفتگو میں مصروف تھے کہ اچانک اس کی نظر فرش پر پڑی۔


ایک لال بیگ!


وہ یکایک چیخی۔


اس کے شوہر نے چونک کر اس کی طرف دیکھا۔


’’کیا ہوا؟‘‘


’’وہ۔۔۔ وہاں۔۔۔ لال بیگ!‘‘


اس نے خوف زدہ انگلی سے فرش کی طرف اشارہ کیا۔


شوہر نے لال بیگ کو دیکھا۔ اس کے چہرے پر پہلے حیرت ابھری، پھر ناگواری اور اس کے بعد غصہ۔


’’مسئلہ کیا ہے تمہارا؟‘‘


وہ ابھی تک گھبراہٹ میں تھی۔


’’مجھے لال بیگ سے بہت ڈر لگتا ہے۔ پلیز، اسے وہاں سے ہٹا دیں۔‘‘


اس کے شوہر نے ایک لمحے کے لیے اسے دیکھا اور پھر طنزیہ انداز میں بولا:


’’لال بیگ بھی کوئی ڈرنے والی چیز ہے؟ اتنی بڑی ہو گئی ہو، شادی ہو گئی ہے تمہاری، اور ابھی تک کیڑوں سے ڈرتی ہو؟‘‘


وہ خاموش رہی۔


اس نے سوچا شاید شوہر کو اس کا خوف سمجھ نہیں آیا۔ شاید وہ اسے محض ایک معمولی سی بات سمجھ رہا ہے۔ شاید اسے چند دنوں میں اس کی عادت ہو جائے گی۔


مگر اگلے ہی لمحے اس کے شوہر نے زمین پر چلتے ہوئے لال بیگ کو اٹھایا اور اس کی طرف اچھال دیا۔


’’لو! اب ڈرنا!‘‘


لال بیگ اس کے قریب گرا۔


وہ چیخی نہیں، بلکہ اس کے اندر جیسے آواز ہی منجمد ہو گئی۔ اس کا چہرہ زرد پڑ گیا۔ آنکھیں خوف سے پھیل گئیں۔ جسم اکڑ گیا۔ وہ چند لمحوں کے لیے اپنی جگہ ساکت رہ گئی، جیسے کسی نے اس کے وجود سے حرکت کا اختیار چھین لیا ہو۔


اس کے لیے یہ محض ایک مذاق تھا۔


مگر اس عورت کے لیے وہ لمحہ ایک ایسی تلخ یاد بن گیا جس نے اس کے ازدواجی رشتے کی بنیاد میں پہلی دراڑ ڈال دی۔


اس رات اس نے شوہر سے کوئی شکایت نہیں کی۔ نہ کوئی بحث کی، نہ کوئی احتجاج۔ وہ خاموشی سے سو گئی۔


اس نے خود کو سمجھایا کہ شاید یہ ایک وقتی رویہ ہے۔ شاید شوہر نے نادانستہ طور پر ایسا کیا ہے۔ شاید آئندہ ایسا نہیں ہو گا۔


زندگی اپنی رفتار سے چلتی رہی۔


وہ گھر سنبھالنے لگی، رشتے نبھانے لگی، بچوں کی ماں بن گئی۔ اس کے بیٹے اور بیٹی کی پیدائش نے اس کی زندگی کو ایک نئی معنویت عطا کی۔ وہ ان کے لیے اپنی تمام تر محبت اور توانائیاں وقف کرنے لگی۔


اس دوران لال بیگ سے اس کا خوف بھی اپنی جگہ موجود رہا۔


کبھی باورچی خانے میں، کبھی غسل خانے میں، کبھی کسی الماری کے پیچھے سے وہ اچانک نمودار ہو جاتا۔ اور ہر مرتبہ اس عورت کے اندر وہی خوف جاگ اٹھتا۔


لیکن اب فرق یہ تھا کہ اس کی چیخ سن کر گھر میں موجود اس کا شوہر اس کی مدد کے لیے نہیں آتا تھا۔


وہ پہلے طنز کرتا، پھر اسے ڈرامے باز کہتا، اور کبھی کبھی جان بوجھ کر اس کی طرف لال بیگ پھینک دیتا۔


’’تمہارا تو روز کا تماشا ہے!‘‘


’’یہ کوئی ڈرنے کی چیز ہے؟‘‘


’’بچوں کے سامنے بھی اپنی یہ حرکتیں بند کرو۔‘‘


وہ اپنے بچوں کے سامنے خاموش ہو جاتی۔


اسے اپنے خوف سے زیادہ اس بات کا دکھ ہونے لگا تھا کہ اس کے شوہر کو اس کے خوف کی حقیقت پر یقین ہی نہیں تھا۔


وہ اپنے خوف کو قابو کرنے کی کوشش کرتی رہی۔ کبھی خود کو سمجھاتی کہ لال بیگ ایک چھوٹا سا کیڑا ہے، کبھی اس کی موجودگی میں خود کو پُرسکون رکھنے کی کوشش کرتی۔ لیکن خوف کوئی ایسا بٹن نہیں تھا جسے دبانے سے بند کیا جا سکتا۔


اس کے جسم پر رونگٹے کھڑے ہو جاتے۔ سانس بے ترتیب ہو جاتی۔ دل کی دھڑکن تیز ہونے لگتی۔


اور ہر مرتبہ اس کا شوہر اس کی کیفیت کو دیکھ کر مسکراتا۔


اس کی مسکراہٹ میں محبت نہیں، تمسخر ہوتا تھا۔


سال گزرتے گئے۔


بچوں نے اسکول سے کالج کا سفر طے کیا۔ ان کی عمر بڑھنے لگی۔ گھر میں ذمہ داریاں بدلتی رہیں۔ عورت نے زندگی کے بیس سال ایک ایسے رشتے میں گزار دیے جس میں وہ بظاہر ایک مکمل بیوی تھی، مگر اندر سے اکثر تنہا محسوس کرتی تھی۔


اس نے بہت کچھ برداشت کیا۔


بچوں کی خاطر، گھر کی خاطر، خاندان کی خاطر۔


وہ ہر مرتبہ خود کو یہ سمجھاتی کہ شادی صرف دو افراد کا تعلق نہیں، بلکہ ایک خاندان کی ذمہ داری بھی ہے۔ بچے ابھی چھوٹے ہیں۔ انہیں ماں اور باپ دونوں کی ضرورت ہے۔ شاید وقت کے ساتھ شوہر کا رویہ بدل جائے۔ شاید ایک دن وہ اس کے خوف کو سمجھنے لگے۔


لیکن وقت نے اس کے شوہر کو نہیں بدلا۔


بلکہ اس کے رویے میں ایک عجیب سی سختی آ گئی تھی۔


لال بیگ اب اس کے لیے صرف ایک کیڑا نہیں رہا تھا۔ وہ ایک یاد بن چکا تھا۔ ایک ایسی یاد جس کے ساتھ اس کے شوہر کی ہنسی، اس کا طنز، اس کی بے اعتنائی اور اس کی بے بسی جڑی ہوئی تھی۔


ایک شام سب گھر میں بیٹھے تھے۔


بچے اب بڑے ہو چکے تھے۔ بیٹا اپنے کام میں مصروف تھا اور بیٹی کتاب پڑھ رہی تھی۔ عورت صوفے پر بیٹھی ہوئی تھی۔ اس کے شوہر بھی قریب ہی موجود تھے۔


اچانک دیوار کے ایک کونے سے لال بیگ نکل کر فرش پر چلنے لگا۔


اس کی نظر اس پر پڑی۔


وہ ہمیشہ کی طرح چیخ اٹھی۔


’’آہ! لال بیگ!‘‘


اس کے شوہر نے فوراً غصے سے اس کی طرف دیکھا۔


بیس سال گزر چکے تھے، مگر اس کے چہرے پر وہی ناگواری تھی۔


’’بس! بہت ہو گیا تمہارا یہ ڈراما!‘‘


وہ صوفے سے اٹھ کھڑا ہوا۔


’’آج میں تمہیں بتاؤں گا کہ لال بیگ سے کوئی ڈرتا ہے یا نہیں!‘‘


اس نے فرش پر موجود لال بیگ کو پکڑنے کے لیے ہاتھ بڑھایا۔


عورت کے دل میں ایک لمحے کے لیے وہی پرانا خوف جاگا۔ اس نے شوہر کی طرف دیکھا۔ اس کی آنکھوں میں اب بھی وہی غصہ تھا۔


وہ لال بیگ کو اٹھا کر اس کی طرف پھینکنے ہی والا تھا کہ اس عورت کے اندر کچھ ٹوٹنے کے بجائے جیسے کچھ جاگ اٹھا۔


ایک ایسی آواز، جو بیس برس سے اس کے اندر خاموش تھی۔


اس نے شوہر کو دیکھا۔


پھر اپنے بچوں کو دیکھا۔


اور اس کے بعد وہ خاموشی سے کمرے سے باہر چلی گئی۔


کسی نے اسے آواز دی۔


کسی نے پوچھا کہ وہ کہاں جا رہی ہے۔


مگر اس نے کوئی جواب نہیں دیا۔


وہ اپنے کمرے میں گئی۔ الماری کھولی۔ اپنا برقعہ نکالا اور پہن لیا۔ اس کے ہاتھوں میں اب لرزش نہیں تھی۔ اس کی آنکھوں میں خوف کے بجائے ایک عجیب سا سکون تھا۔


اس نے گھر کی دہلیز پار کی۔


اس دن وہ کسی لال بیگ سے نہیں بھاگ رہی تھی۔


وہ ایک ایسے رشتے سے باہر نکل رہی تھی جس میں اس کے خوف کو کبھی محبت سے نہیں دیکھا گیا تھا۔


اگلی صبح وہ عدالت میں کھڑی تھی۔


اس کے سامنے جج بیٹھا تھا۔ ایک طرف وکیل، دوسری طرف اس کا شوہر۔ گھر کے کچھ افراد بھی موجود تھے۔ سب کے چہروں پر حیرت تھی۔


بیس سال کی شادی۔


دو بڑے بچے۔


ایک آباد گھر۔


اور اب خلع!


جج نے کاغذات پر نظر ڈالی اور پھر عورت کی طرف دیکھا۔


’’آپ اتنے طویل عرصے بعد خلع کیوں لینا چاہتی ہیں؟ کیا کوئی بڑا مسئلہ ہے؟‘‘


وکیل نے بھی سوال کیا:


’’آپ کے بچے بڑے ہو چکے ہیں۔ آپ نے اتنے سال اس رشتے میں گزارے ہیں۔ آخر اب ایسا کیا ہوا کہ آپ نے علیحدگی کا فیصلہ کر لیا؟‘‘


اس کا شوہر بھی حیرت سے اسے دیکھ رہا تھا۔


شاید اسے یقین تھا کہ وہ چند سوالوں کے بعد خاموش ہو جائے گی۔ شاید وہ سمجھ رہا تھا کہ یہ بھی اس کے روزمرہ کے ڈراموں میں سے ایک ہے۔


عورت نے ایک گہری سانس لی۔


اس کی آنکھوں میں نمی تھی، مگر آواز میں ٹھہراؤ۔


’’جناب، مجھے کسی بڑے حادثے کی ضرورت نہیں تھی۔ مجھے کسی ایسی وجہ کی ضرورت نہیں تھی جسے دنیا ظلم کہہ کر تسلیم کرے۔ میرے لیے اتنا ہی کافی تھا کہ میرا شریکِ حیات میرے خوف کو سمجھنے کے بجائے اسے میری تذلیل کا ذریعہ بناتا رہا۔‘‘


عدالت میں خاموشی چھا گئی۔


اس نے اپنے شوہر کی طرف دیکھا۔


’’میں نے کبھی اس سے یہ نہیں کہا کہ وہ میرے ہر خوف کو ختم کر دے۔ میں نے کبھی یہ مطالبہ نہیں کیا کہ وہ میری ہر مشکل اپنے کندھوں پر اٹھائے۔ میں نے صرف اتنا چاہا تھا کہ جب میں کسی چیز سے ڈر جاؤں تو وہ میرے ساتھ کھڑا ہو جائے۔‘‘


اس کی آواز میں اب درد اتر آیا تھا۔


’’میرے والد نے بچپن میں میرے خوف کو سمجھا۔ میری ماں نے مجھے تسلی دی۔ میرے بھائیوں نے کبھی میرا مذاق نہیں بنایا۔ وہ جانتے تھے کہ مجھے لال بیگ سے ڈر لگتا ہے۔ وہ اسے ہٹا دیتے تھے۔ لیکن جس شخص کو میں نے اپنی زندگی کا ساتھی بنایا، جس کے ساتھ میں نے بیس سال گزارے، جس کے سامنے میں نے اپنی ہر خوشی اور ہر دکھ رکھا، وہ مجھے یہ احساس تک نہ دے سکا کہ میرے خوف کی بھی کوئی اہمیت ہے۔‘‘


شوہر نے بے اختیار کہا:


’’یہ کیا بات ہوئی؟ لال بیگ سے ڈرنے پر کوئی خلع لیتا ہے؟‘‘


عورت نے اس کی طرف دیکھا۔


اس کی آنکھوں میں اب کوئی شکوہ نہیں تھا۔ صرف ایک فیصلہ تھا۔


’’آپ ٹھیک کہتے ہیں۔ لال بیگ سے ڈرنے پر خلع نہیں لی جاتی۔‘‘


اس نے چند لمحے توقف کیا۔


’’خلع اس وقت لی جاتی ہے جب انسان کو یہ احساس ہو جائے کہ جس گھر میں وہ رہ رہا ہے، وہاں اس کے خوف کی کوئی جگہ نہیں۔ جہاں اس کی کمزوری کو محبت سے تھامنے کے بجائے اسے ذلیل کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ جہاں اس کی چیخ پر کوئی اس کی مدد کے لیے نہیں آتا، بلکہ اس کی چیخ کو مذاق بنا دیا جاتا ہے۔‘‘


وہ اب عدالت میں موجود ہر شخص کی طرف دیکھ رہی تھی۔


’’میں بیس سال تک یہ سوچتی رہی کہ شاید ایک دن میرا شوہر مجھے سمجھ لے گا۔ شاید ایک دن اسے احساس ہو جائے گا کہ میں جان بوجھ کر نہیں ڈرتی۔ شاید ایک دن وہ میرے خوف کو میری اداکاری نہیں، میری حقیقت سمجھے گا۔ لیکن وہ دن کبھی نہیں آیا۔‘‘


اس کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگے۔


’’میں نے اپنے بچوں کی خاطر بہت کچھ برداشت کیا۔ میں نے ہر مرتبہ خود کو سمجھایا کہ گھر بچانا ضروری ہے۔ لیکن اب میرے بچے بڑے ہو چکے ہیں۔ اب میں ان کے لیے ایک ایسا گھر نہیں بچانا چاہتی جہاں محبت کے نام پر کسی کی بے بسی کا مذاق اڑایا جاتا ہو۔ میں چاہتی ہوں کہ وہ یہ سمجھیں کہ رشتے صرف ساتھ رہنے کا نام نہیں، بلکہ ایک دوسرے کی عزت کرنے کا نام ہیں۔‘‘


اس کا شوہر خاموش تھا۔


شاید پہلی مرتبہ اسے احساس ہو رہا تھا کہ جس عورت کی چیخوں پر وہ برسوں ہنستا رہا، وہ آج اس کے سامنے ایک ایسی حقیقت بیان کر رہی ہے جسے وہ کبھی سننا ہی نہیں چاہتا تھا۔


جج نے دوبارہ سوال کیا:


’’تو آپ کی خلع کی وجہ صرف یہ خوف ہے؟‘‘


عورت نے اپنا سر اٹھایا۔


اور پھر وہ چیخی۔


اس کی آواز عدالت کی دیواروں سے ٹکرا کر واپس آئی۔


’’ہاں! مجھے لال بیگ سے ڈر لگتا ہے! مجھے لال بیگ سے ڈر لگتا ہے!‘‘


وہ روتے ہوئے بولی:


’’مجھے اس سے ڈر لگتا ہے، مگر مجھے اس سے کہیں زیادہ اس انسان کے رویے سے خوف آتا ہے جو میرے ڈر کو جانتے ہوئے بھی مجھے اسی خوف میں دھکیلتا ہے۔ مجھے اس بات سے خوف آتا ہے کہ جسے میں اپنا محافظ سمجھتی تھی، وہی میری کمزوری کا مذاق بناتا رہا۔ مجھے اس بات سے خوف آتا ہے کہ میں نے اپنی زندگی کے بیس سال ایک ایسے شخص کے ساتھ گزار دیے جسے میری چیخ سنائی تو دیتی تھی، مگر اس چیخ کے پیچھے چھپا درد کبھی سنائی نہیں دیا!‘‘


عدالت میں مکمل خاموشی تھی۔


اس نے اپنے آنسو صاف کیے۔


’’میں آج کسی لال بیگ کی وجہ سے اپنا گھر نہیں چھوڑ رہی۔ میں اس بے حسی کی وجہ سے اپنا گھر چھوڑ رہی ہوں جس نے میرے گھر کو میرے لیے اجنبی بنا دیا۔‘‘


وہ چند لمحے خاموش رہی۔


پھر اس نے اپنے شوہر کی طرف آخری مرتبہ دیکھا۔اس نے اپنی آواز کو مضبوط کیا۔


’’مجھے خلع چاہیے۔ اس لیے نہیں کہ مجھے لال بیگ سے ڈر لگتا ہے، بلکہ اس لیے کہ مجھے ایسے انسان کے ساتھ زندگی گزارنے سے انکار ہے جسے میرے ڈر کی بھی قدر نہیں۔‘‘


اس کے الفاظ ختم ہوئے تو عدالت میں ایک طویل خاموشی چھا گئی۔


اس کا شوہر سر جھکائے بیٹھا تھا۔


شاید اب اسے سمجھ آ رہا تھا کہ بیس برس تک وہ جس چیز کو ایک معمولی سا مذاق سمجھتا رہا، وہ دراصل ایک عورت کے دل میں جمع ہوتی ہوئی اذیت تھی۔


عورت نے اپنے آنسو پونچھے۔


وہ عدالت سے باہر نکلنے کے لیے مڑی۔


اس کے قدموں میں ایک عجیب سا اطمینان تھا۔


اسے معلوم تھا کہ زندگی کا اگلا سفر آسان نہیں ہو گا۔ اسے بہت سے سوالوں، بہت سی تنقیدوں اور بہت سی آزمائشوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔