جن کے سائے میں پلے، انہیں دھوپ میں چھوڑ دیا،تحریر:شہزاد خان
نقطہ نظر
انسان کی زندگی میں کچھ رشتے ایسے ہوتے ہیں جن کا کوئی نعم البدل نہیں ہوتا۔ ان رشتوں میں سب سے عظیم اور مقدس رشتہ والدین کا ہے۔ ماں وہ ہستی ہے جو اپنی نیند قربان کرکے اولاد کو سکون کی نیند سلاتی ہے اور باپ وہ مضبوط سایہ ہے جو خود دھوپ میں کھڑا رہ کر اپنے بچوں کو زندگی کی تپش سے بچاتا ہے۔ والدین اپنی خواہشات کا گلا گھونٹ کر اولاد کے خوابوں کو تعبیر دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ اپنی ضروریات کو پس پشت ڈال کر بچوں کی تعلیم، تربیت، لباس، خوراک اور بہتر مستقبل کے لیے دن رات محنت کرتے ہیں۔ ماں اپنے حصے کی روٹی بچوں کو کھلا کر بھوکی سو جاتی ہے اور باپ اپنی تھکن چھپا کر صرف اس لیے مسکراتا ہے کہ اس کے بچوں کے چہروں پر اداسی نہ آئے۔ وہ اپنی جوانی اولاد کے بہتر مستقبل پر قربان کردیتے ہیں۔ ان کے لیے زندگی کا سب سے بڑا سرمایہ ان کے بچے ہوتے ہیں۔ لیکن افسوس کہ وقت گزرنے کے ساتھ بعض گھروں میں یہی بچے اس حقیقت کو فراموش کردیتے ہیں کہ جن ہاتھوں نے انہیں انگلی پکڑ کر چلنا سکھایا تھا آج وہ ہاتھ بڑھاپے کی کمزوری کے باعث کسی سہارے کے منتظر ہیں۔ جن کے سائے میں وہ زندگی کی تیز دھوپ سے محفوظ رہے آج انہی کو تنہائی اور بے بسی کی دھوپ میں چھوڑ دیتے ہیں۔
بچپن میں والدین کی انگلی تھام کر چلنے والا بچہ جب جوان ہوتا ہے تو اسے اپنے قدموں پر کھڑے ہونے کا غرور ہونے لگتا ہے۔ تعلیم حاصل کرتا ہے، ملازمت حاصل کرتا ہے، کاروبار شروع کرتا ہے اور زندگی میں کامیابی کی منزلیں طے کرنے لگتا ہے۔ یہ سب دیکھ کر والدین کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں رہتا۔ انہیں محسوس ہوتا ہے کہ ان کی برسوں کی محنت رنگ لے آئی ہے۔ مگر بعض اوقات یہی کامیابی اولاد کے رویوں میں ایسی تبدیلی لے آتی ہے کہ والدین اپنے ہی گھر میں اجنبی بن جاتے ہیں۔ جن والدین نے کبھی بچوں کی معمولی سی تکلیف برداشت نہیں کی ہوتی وہی بچے ان کے بڑھاپے کی بیماریوں اور کمزوریوں کو بوجھ سمجھنے لگتے ہیں۔ ماں بار بار آواز دے تو اسے شور محسوس ہوتا ہے۔ باپ کوئی نصیحت کرے تو اسے پرانے خیالات قرار دے دیا جاتا ہے۔ والدین کوئی بات پوچھ لیں تو اولاد کے چہروں پر ناگواری کے آثار نمایاں ہوجاتے ہیں۔ کبھی مصروفیات کا بہانہ بنایا جاتا ہے تو کبھی مالی ذمہ داریوں کا ذکر کرکے انہیں خاموش کردیا جاتا ہے۔ بعض گھروں میں والدین کو الگ کمرے تک محدود کردیا جاتا ہے اور ان کی ضروریات پوری کرنا بھی ایک اضافی ذمہ داری سمجھا جاتا ہے۔ حالانکہ انہیں مہنگے تحائف، بڑی گاڑیوں یا قیمتی لباس کی ضرورت نہیں ہوتی۔ انہیں صرف چند لمحوں کی توجہ، محبت بھرے الفاظ اور اولاد کی قربت درکار ہوتی ہے۔
معاشرے کا ایک المیہ یہ بھی ہے کہ بعض لوگ اپنے والدین کی موجودگی میں ان کی قدر نہیں کرتے مگر ان کے انتقال کے بعد ان کی یاد میں آنسو بہاتے ہیں۔ والدین زندگی میں کسی بیماری کا ذکر کریں تو اولاد کے پاس وقت نہیں ہوتا لیکن ان کے دنیا سے چلے جانے کے بعد بڑے بڑے تعزیتی اجتماعات منعقد کیے جاتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر والدین کی تصاویر لگائی جاتی ہیں، محبت بھرے جملے لکھے جاتے ہیں اور ان کی جدائی پر طویل تحریریں شائع کی جاتی ہیں۔ سوال یہ ہے کہ جو محبت آج تصویروں اور تحریروں میں دکھائی جارہی ہے وہ والدین کی زندگی میں ان کے حصے میں کیوں نہ آئی۔ جس ماں کو زندگی میں چند لمحے بیٹھ کر بات کرنے کا وقت نہ دیا گیا اس کی قبر پر گھنٹوں بیٹھنے سے کیا حاصل ہوگا۔ جس باپ کی بات سننے کے لیے اولاد کے پاس فرصت نہ تھی اس کے انتقال کے بعد اس کی نصیحتوں کو یاد کرنے کا کیا فائدہ۔ بے شک مرنے والوں کے لیے دعا اور ایصال ثواب کرنا نیکی ہے لیکن زندہ والدین کی خدمت اور ان کے چہروں پر خوشی لانا اس وقت اولاد کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔ والدین کی قدر ان کی قبروں پر پھول چڑھانے سے پہلے ان کی زندگی میں ان کے دل کو سکون دینے سے ہوتی ہے۔
اسلام نے والدین کے مقام و مرتبے کو نہایت بلند قرار دیا ہے۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے اپنی عبادت کے حکم کے ساتھ والدین کے ساتھ حسن سلوک کی تاکید فرمائی ہے۔ سورۃ بنی اسرائیل میں واضح حکم دیا گیا ہے کہ والدین میں سے کوئی ایک یا دونوں تمہارے سامنے بڑھاپے کو پہنچ جائیں تو انہیں اُف تک نہ کہو اور نہ انہیں جھڑکو بلکہ ان سے ادب کے ساتھ بات کرو۔ ان کے سامنے عاجزی اور محبت کے ساتھ جھکے رہو اور دعا کرو کہ اے میرے رب ان دونوں پر رحم فرما جس طرح انہوں نے بچپن میں مجھے پالا۔ یہ حکم محض مذہبی تعلیم نہیں بلکہ ایک مکمل معاشرتی ضابطہ ہے جو انسان کو والدین کی عزت، خدمت اور احترام کا درس دیتا ہے۔ رسول اکرم ﷺ نے بھی والدین کی خدمت کو بڑی فضیلت عطا فرمائی ہے۔ ماں کے قدموں تلے جنت قرار دی گئی ہے اور باپ کو جنت کے دروازوں میں سے ایک دروازہ کہا گیا ہے۔ اس کے باوجود اگر کوئی شخص اپنے والدین کی توہین کرتا ہے، ان سے بدتمیزی کرتا ہے یا انہیں بے سہارا چھوڑ دیتا ہے تو اسے اپنے رویے پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔ یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ والدین کی خدمت صرف مالی اخراجات اٹھانے کا نام نہیں بلکہ ان کی عزت کرنا، ان کی بات سننا، ان کی بیماری میں تیمارداری کرنا، ان کی تنہائی دور کرنا اور ان کی جائز ضروریات کا خیال رکھنا بھی اسی خدمت کا حصہ ہے۔
آج کے دور میں مشترکہ خاندانی نظام کمزور ہونے اور مادہ پرستی کے بڑھتے ہوئے رجحان نے بھی والدین کی زندگی کو کئی مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔ کچھ لوگ شادی کے بعد اپنی نئی زندگی میں اس قدر مصروف ہوجاتے ہیں کہ والدین کی ضروریات اور جذبات کو نظر انداز کرنے لگتے ہیں۔ بعض گھروں میں بہو اور ساس کے اختلافات کو بنیاد بنا کر بیٹوں کو والدین سے دور کردیا جاتا ہے جبکہ کہیں بیٹیاں بھی اپنے بوڑھے والدین کی ذمہ داری سے پہلو تہی کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ گھر کے مسائل کو سمجھ داری اور انصاف سے حل کرنا چاہیے۔ بیوی اور بچوں کے حقوق اپنی جگہ اہم ہیں اور والدین کے حقوق اپنی جگہ مسلم ہیں۔ کسی ایک کے حقوق ادا کرنے کے لیے دوسرے کے حقوق پامال کرنا دانش مندی نہیں۔ ایک اچھا بیٹا وہی ہے جو اپنے گھر کے تمام رشتوں کے درمیان توازن قائم رکھے اور کسی کو احساس محرومی کا شکار نہ ہونے دے۔ اسی طرح والدین کو بھی چاہیے کہ وہ اپنی اولاد کی ازدواجی زندگی میں غیر ضروری مداخلت سے گریز کریں اور محبت، برداشت اور حکمت سے کام لیں۔ خاندان اسی وقت مضبوط رہتے ہیں جب ہر فرد دوسرے کے جذبات اور حقوق کا احترام کرتا ہے۔ والدین کو اولڈ ہومز یا تنہائی کے حوالے کردینا کسی مسئلے کا مستقل حل نہیں۔ اصل ضرورت احساس، برداشت، باہمی احترام اور خلوص کی ہے۔
ہمیں یہ بھی سوچنا چاہیے کہ آج جو رویہ ہم اپنے والدین کے ساتھ اختیار کررہے ہیں کل ہماری اولاد بھی اسی رویے کو اپنی زندگی کا حصہ بنا سکتی ہے۔ بچے صرف ہماری نصیحتیں نہیں سنتے بلکہ ہمارے اعمال سے سیکھتے ہیں۔ اگر وہ دیکھیں گے کہ ہم اپنے بوڑھے ماں باپ سے بدتمیزی کرتے ہیں، ان کی بات کاٹتے ہیں اور انہیں نظر انداز کرتے ہیں تو ممکن ہے وہ بھی مستقبل میں ہمارے ساتھ یہی سلوک کریں۔ اس لیے والدین کی عزت صرف ایک مذہبی فریضہ نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کی تربیت کا بنیادی اصول بھی ہے۔ ہمیں اپنے بچوں کو عملی طور پر یہ سکھانا ہوگا کہ گھر میں بزرگوں کی موجودگی رحمت ہے، ان کی دعائیں زندگی کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کا تجربہ ایک ایسی دولت ہے جو کسی تعلیمی ادارے سے حاصل نہیں کی جاسکتی۔ والدین کی خدمت کے لیے دولت مند ہونا ضروری نہیں۔ کبھی ان کے پاس بیٹھ جانا، ان کی پسند کی کوئی چیز لے آنا، ان کی پرانی یادیں سننا، ان کی دواؤں کا خیال رکھنا اور ان کے ماتھے پر محبت سے ہاتھ رکھ دینا بھی ان کے لیے دنیا کی سب سے بڑی خوشی بن سکتا ہے۔ اگر والدین کسی بات کو بار بار دہراتے ہیں تو اسے ان کی کمزوری سمجھ کر نظر انداز نہ کریں بلکہ یہ محسوس کریں کہ شاید انہیں اپنی اولاد کی توجہ اور قربت کی ضرورت ہے۔ بڑھاپا انسان کو جسمانی طور پر کمزور ضرور کردیتا ہے مگر اس کے جذبات، احساسات اور محبت کی ضرورت ختم نہیں کرتا۔
آخر میں یہی کہنا چاہوں گا کہ زندگی بہت مختصر ہے اور وقت کسی کے لیے نہیں رکتا۔ آج ہمارے والدین ہمارے درمیان موجود ہیں تو یہ ہمارے لیے اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے۔ ان کے پاس بیٹھیں، ان کی باتیں سنیں، ان کے ہاتھ چومیں، ان کی ضروریات پوری کریں اور انہیں یہ احساس دلائیں کہ وہ آج بھی ہمارے لیے اتنے ہی اہم ہیں جتنے ہمارے بچپن میں تھے۔ اگر ان سے کبھی کوئی غلطی ہوجائے تو درگزر کریں، اگر وہ کمزور پڑ جائیں تو ان کا سہارا بنیں اور اگر وہ بار بار ایک ہی بات پوچھیں تو تحمل سے جواب دیں۔ یاد رکھیں کہ والدین نے ہماری پرورش کرتے ہوئے کبھی یہ حساب نہیں رکھا کہ ہم نے ان کے لیے کیا کیا ہے، پھر ہمیں ان کی خدمت کرتے ہوئے حساب کتاب کیسا۔ دنیا کی دولت، شہرت، عہدے اور کامیابیاں سب عارضی ہیں لیکن والدین کی دعائیں وہ سرمایہ ہیں جو انسان کے لیے دنیا اور آخرت دونوں میں باعث خیر بن سکتی ہیں۔ کسی بھی انسان کی اصل کامیابی یہ نہیں کہ اس نے کتنی بڑی عمارت بنائی یا کتنی دولت جمع کی بلکہ اصل کامیابی یہ ہے کہ اس کے والدین اس کی وجہ سے کتنے مطمئن اور خوش رہے۔ ہمیں یہ حقیقت کبھی نہیں بھولنی چاہیے کہ جنہوں نے ہماری زندگی کے ابتدائی دنوں میں ہمیں اپنی آغوش کا سایہ دیا تھا انہیں زندگی کے آخری دنوں میں ہماری محبت اور سہارے کی ضرورت ہے۔ انہیں دھوپ میں چھوڑ کر خود سکون سے رہنے والے یہ نہ بھولیں کہ وقت کا پہیہ ہمیشہ ایک ہی سمت میں نہیں گھومتا۔ آج وہ والدین ہیں اور کل ہم بھی اسی عمر کو پہنچ سکتے ہیں۔ اس لیے اپنے والدین کے لیے سایہ بنیں، ان کے لیے بوجھ نہیں۔ کیونکہ جن کے سائے میں ہم پلے ہیں ان کے بڑھاپے کو بے سہارا چھوڑ دینا صرف والدین سے بے وفائی نہیں بلکہ انسانیت کے بنیادی تقاضوں سے بھی انحراف ہے۔
مزید پڑھیں





