قومی پرچم اتار کر سندھو دیش کے نعرے لگ رہے ہیں، کچھ ہوا تو ذمہ دار بلاول ہوں گے،منعم ظفر خان

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی ناک کے نیچے ہزاروں غیر قانو نی عمارتیں تعمیر ہوتی رہی ہیں اور اس مکروہ دھندے کو صوبائی حکومت کی پشت پنا ہی بھی حاصل ہےقومی پرچم اتار کر جیے سندھ اور سندھو دیش کے نعرے لگ رہے ہیں، کچھ ہوا تو ذمہ دار بلاول ہوں گے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے سانحہ ایڈمن سوسائٹی کےبعد ریسکیو میں تاخیر اور شہرمیں غیرقانونی عمارتوں کےخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ گزشتہ دنوں سانحہ ایڈمن سوسائٹی پیش آیا، لیکن 5 دن گزرنے کےباوجود ریسکیو آپریشن مکمل نہیں ہوسکا اب تک 15 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ 2 افراد تاحال لاپتا ہیں۔ شہر میں غیر قانونی عمارتوں کی تعمیرکاسلسلہ بھی بدستو ر جاری ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی ناک کے نیچے ہزاروں غیر قانو نی عمارتیں تعمیر ہوتی رہی ہیں اور اس مکروہ دھندے کو صوبائی حکومت کی پشت پنا ہی بھی حاصل ہے۔ گزشتہ 5 سال کے دوران مختلف حادثات میں سیکڑوں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، لیکن ذمہ داروں کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں ہوئی۔
منعم ظفر کا کہنا تھا کہ بعض افراد کو حادثات کے بعد معطل کردیا جاتا ہے، کچھ عرصے بعد انہیں دوبارہ بحال کردیا جاتا ہے گزشتہ عرصے میں ایک لاکھ عمارتیں تعمیر ہوئیں، جن میں سے 85 ہزار غیر قانونی ہیں۔ قابض ٹاؤن چیئرمین کی سرپرستی میں بھی غیر قانونی عمارتیں تعمیر کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف متعلقہ حکام کو خطوط لکھ کر مسلسل ا حتجاج ریکارڈ کروایا گیا، لیکن کسی نے ان شکایات پر توجہ نہیں دی۔ واقعے کے بعد میئر کرا چی اور وزیراعلیٰ جائے وقوع پر پہنچ کر کارروائی کی باتیں کرتے ہیں۔ شہر میں غیر قانونی عمارتوں کی تعمیر روکنے کے لیے پہلے سے اقدامات نہیں کیے جاتے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے مطالبہ کیا کہ شہر میں غیر قانونی عمارتوں کی تعمیر پر فوری پابندی عائد کی جائے اور سانحہ ایڈمن سوسائٹی میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لوا حقین کو معاوضہ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز محمود آباد میں گراؤنڈ پلس ون عمارت گرگئی، جس کے ملبے سے مقامی لوگوں نے 5 افراد کو زخمی حالت میں نکالا۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ کراچی میں ریسکیو کے ادارے ناکام ہوچکے ہیں۔ گل پلازہ میں لوگ مدد کے لیے چیختے رہے اور 5 دن تک آگ لگی رہی۔ سسٹم کے نام پر مسلط کیے گئے لوگوں نے شہریوں سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔
انہوں نے پیپلز پارٹی کو کرپشن کی بانی جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ 1972 میں ہونے والے فسادات کی وجہ پیپلز پارٹی تھی۔ بے نظیر بھٹو کے قتل کے بعد ہونے والے فسادات میں بھی پیپلز پارٹی ملوث رہی ہے۔
منعم ظفر نے کہا کہ کراچی میں سندھو دیش کے نعرے لگائے جارہے ہیں اور پاکستان کا پر چم اتار کر جیے سندھ کے نعرے بلند کیے جارہے ہیں انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کوئی وا قعہ پیش آیا تو اس کی ذمہ داری بلاول بھٹو اور ان کی جماعت پر عائد ہوگی ریلیوں میں لگائے جانے والے پاکستان مخالف نعروں کا نوٹس لیا جائے اور اس معاملے پر کارروائی کی جائے۔
مزید پڑھیں





