پیر، 9 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

تربیلا ڈیم کے ٹی 5 پاور پراجیکٹ کا حفاظتی بند ٹوٹ گیا، تعمیراتی کام معطل


تربیلا ڈیم میں ٹی 5 ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے حفاظتی بند میں شگاف پڑنے سے سرنگ نمبر 5 میں پانی کا بڑا ریلہ داخل ہو گیا ہے، جس کے بعد منصوبے پر جاری تمام تعمیراتی کام غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔


واقعے کے فوری بعد ڈپٹی کمشنر ہری پور وسیم احمد نے ریسکیو اور انتظامی ٹیموں کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر صورت حال کا جائزہ لیا اور تصدیق کی کہ حفاظتی بند ٹوٹنے سے پانی سرنگ میں داخل ہوا، تاہم ہنگامی کارروائی کے ذریعے وہاں موجود تمام ملکی و غیر ملکی اہلکار وں اور مزدوروں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔


ڈپٹی کمشنر وسیم احمد کے مطابق سرنگ میں پانی بھرنے کے دوران ایک پاکستانی کارکن پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گیا تھا جسے ایمرجنسی ریسکیو ٹیموں نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے کامیابی سے بچا لیا، جبکہ واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔


وسیم احمد نے بتایا کہ بند میں شگاف کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ایک اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی اس بات کا جائزہ لے گی کہ آیا یہ واقعہ ڈھانچے کی کمزوری کا نتیجہ تھا یا کسی تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا،انکوائری رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین کیا جائے گا۔


تربیلا ففتھ ایکسٹینشن ہائیڈرو پاور پراجیکٹ واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کا ایک اہم منصوبہ ہے جو تربیلا ڈیم کی سرنگ نمبر 5 پر تعمیر کیا جا رہا ہے،اس منصوبے کا مقصد 510 میگاواٹ کے 3 یونٹوں کی مدد سے ڈیم کی پیداواری صلاحیت میں 1530 میگاواٹ کا اضافہ کرنا ہے۔


واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کے ترجمان نے تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے سے متعلق گردش کرنے والی ان اطلاعات کی تردید کی ہے جن میں ٹنل نمبر 5 کے منہدم ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے رابطہ ٹنل کے سیکنڈ بینچ کی کھدائی کے دوران چٹان کا ایک کمزور حصہ گر گیا تھا، جس کے نتیجے میں پانی ٹنل اور پاور ہاؤس کے علاقے میں داخل ہوا، تاہم سرنگ کے منہدم ہونے کی خبریں قطعی بے بنیاد ہیں انٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکالا جا چکا ہے، جبکہ زیر تعمیر پاور ہاؤس میں جمع ہونے والے پانی کو نکالنے کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے اور اب تعمیراتی مقامات کی جانب مزید پانی کا داخلہ بند ہو چکا ہے۔


تربیلا ففتھ ایکسٹینشن ہائیڈرو پاور منصوبے کے حوالے سے جاری کردہ تفصیلی بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس حادثے کے نتیجے میں منصوبے کی مین ٹنل، زیر تعمیر پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے،صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے واپڈا کے سینئر افسران، پراجیکٹ کنسلٹنٹس اور متعلقہ کنٹریکٹرز موقع پر موجود ہیں جو حفاظتی اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔