پیر، 26 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

نوبیل امن انعام نہ ملنے پر ٹرمپ آگ بگولہ ہوگئے، ناروے کیخلاف توہین آمیز الفاظ کا استعمال

4d8nnee8_donald-trump-1200_625x300_22_March_24

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ناروے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور اس کی وجہ انہیں نوبیل امن انعام نہ ملنا قرار دیا ہے۔


برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار 25 اکتوبر کو ریاست مشی گن کے شہر پورٹ ہورون میں ایک سیاسی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ناروے کے لیےسخت الفاظ استعمال کیے اور کہا کہ وہ ناروے سے آنے والے تارکین وطن کو امر یکا میں خوش آمدید نہیں کہنا چاہتے، کیونکہ انہیں نوبیل امن انعام نہیں دیا گیا ناروے درحقیقت ایک انتہائی گھٹیا ملک بن چکا ہےانہوں نے انگر یزی میں اس کے لیے ایک انتہائی توہین آمیز اصطلاح استعمال کی۔


امریکی صدر نے اپنے خطاب میں امیگریشن کو فرانس میں حالیہ بدامنی کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بعض ممالک سے آنے والے تارکین وطن کا خیرمقدم کریں گے، لیکن ناروے کے شہریوں کے لیے ایسا نہیں کریں گے’کیونکہ مجھے نوبیل انعام نہیں ملا، اس لیے میں ناروے سے کسی کو نہیں چاہتا۔‘


واضح رہے کہ نوبیل امن انعام دینے کا فیصلہ ناروے کی نوبیل کمیٹی کرتی ہے، جس کا صدر دفتر ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں واقع ہے تاہم، ٹرمپ کے بیان کے باوجود ایسی کوئی علامت سامنے نہیں آئی کہ امریکی حکومت نے ناروے کے شہریوں کی امریکا آمد یا ان کی امیگریشن سے متعلق کسی نئی سرکاری پالیسی کا فیصلہ کیا ہو۔


ٹرمپ اس ماہ کے آغاز میں بھی نوبیل امن انعام نہ ملنے پر ناروے کو تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔ اس وقت انہوں نے انعام نہ دیے جانے کو ناروے پر ایک ایسا داغ قرار دیا تھا جو کبھی نہیں مٹے گا ٹرمپ ماضی میں ہیٹی، لیبیا، صومالیہ اور یمن کے لیے بھی اسی نوعیت کے توہین آمیز الفاظ استعمال کر چکے ہیں۔


دوسری جانب، ناروے دنیا کے زیادہ آمدنی والے ممالک میں شمار ہوتا ہے،آئی ایم ایف کے اعداد و شمار کے مطابق، فی کس مجموعی ملکی پیداوار کے لحاظ سے بھی ناروے کا شمار نمایاں ممالک میں ہوتا ہے،ناروے کے خودمختار دولت فنڈ نے 2026 کی پہلی ششماہی میں 1.75 ٹریلین نارویجین کرون، یعنی تقریباً 184.3 ارب ڈالر کا ریکارڈ منافع بھی حاصل کیا تھا۔


رائٹرز کے مطابق، ناروے کی وزارت خارجہ اور ناروے کی نوبیل کمیٹی کے ایک نمائندے نے معمول کے دفتری اوقات سے باہر تبصرے کے لیے بھیجی گئی درخواستوں کا فوری جواب نہیں دیا۔