بھارت میں فوجی مشق کے دوران ٹینک تلے کچلے جانے سے 2 بھارتی فوجی ہلاک

بھارت کی ریاست ہریانہ کے ضلع ہسار میں معمول کی فوجی مشق کے دوران ایک ٹینک حادثاتی طور پر دو بھارتی فوجی اہلکاروں پر چڑھ گیا، جس کے نتیجے میں دونوں اہلکار ہلاک ہو گئے۔
بھارتی میڈیا نے پولیس حکام کے حوالے سے بتایا کہ یہ حادثہ ہفتے کے روز ضلع ہسار کے گاؤں بھوجراج کے نواحی علاقے میں اس وقت پیش آیا جب تقریباً 32 ٹینک معمول کی جنگی مشق میں حصہ لے رہے تھے اور چند اہلکار زمین پر مختلف مورچوں پر تعینات تھے۔
پولیس ترجمان کے مطابق قطار میں چلتے ہوئے تقریباً 32 ٹینکوں کی نقل و حرکت کے باعث دھول اور گرد کا شدید غبار اٹھنے سے حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی تھی۔ اسی کم حدِ نگاہ کی وجہ سے ایک ٹینک کا ڈرائیور آگے مورچے پر تعینات اہلکاروں کو دیکھ نہ سکا اور ٹینک ان پر چڑھ گیا۔
ہلاک ہونے والوں میں اتر پردیش کے ضلع شاملی سے تعلق رکھنے والے 28 سالہ لانس نائیک منیش کمار اور ضلع بدایوں سے تعلق رکھنے والے 36 سالہ نائیک انکش کمار شامل ہیں، جو دونوں 39 انفنٹری بریگیڈ میں تعینات تھےدونوں اہلکاروں کو شدید زخمی حالت میں فوری طور پر ہسار ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔ بعد ازاں اتوار کو پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کارروائی مکمل کر لی گئی۔
اہل خانہ اور مقامی ذرائع کے مطابق نائیک منیش کمار کا تعلق ایک فوجی گھرانے سے تھا اور ان کے والد رام ویر بھی فوج سےریٹائرڈ اہلکار ہیں نائیک انکش کمار کو اتوار کے روز چھٹی پر گھر روانہ ہونا تھا۔ ان کے کزن امیت کمار نے بتایا کہ حادثے سے کچھ دیر قبل ہفتے کی دو پہر تقریباً دو بجے انکش کمار نے فون پر اپنے بچوں سے بات بھی کی تھی۔
واقعے کے بعد متعلقہ فوجی اور پولیس حکام کی جانب سے حادثے کے اسباب اور حالات کا جائزہ لینے کے لیے مزید قانونی و دفتری کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔





