تربیتی پرواز کے دوران امریکی ایف 16 جنگی طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ محفوظ

مشی گن: امریکی ریاست مشی گن کے گرینڈ ٹریورس کاؤنٹی میں معمول کی تربیتی مشق کے دوران ایف 16 جنگی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا اور حادثے کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارہ بلیئر ٹاؤن شپ میں کاؤنٹی روڈ 633 اور بلیئر ٹاؤن ہال روڈ کے قریب گر کر تباہ ہوا۔ طیارے میں سوار پائلٹ نے بروقت ایجیکٹ کرتے ہوئے پیراشوٹ کے ذریعے بحفاظت زمین پر اترنے میں کامیابی حاصل کی۔149ویں فائٹر ونگ، ٹیکساس نیشنل گارڈ کے ترجمان کے مطابق پائلٹ کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے اور اس کی حالت مستحکم ہے۔ حکام کے مطابق حادثے میں زمین پر موجود کسی دوسرے شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔گرینڈ ٹریورس کاؤنٹی ایمرجنسی مینجمنٹ کے مطابق حادثے کے بعد ابتدائی طور پر کاؤنٹی روڈ 633 کے اطراف شیلٹر اِن پلیس کا حکم جاری کیا گیا تھا، جس کے تحت شہریوں کو گھروں کے اندر رہنے، کھڑکیاں اور وینٹس بند رکھنے اور ہنگامی عملے کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
بعد ازاں حادثے کے مقام سے ایک میل کے دائرے میں انخلا کا حکم جاری کردیا گیا۔ حکام نے متاثرہ علاقے کے رہائشیوں کو کاؤنٹی روڈ 633 اور جیفرسن پلیس کے چوراہے سے دور محفوظ مقام کی جانب منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔حکام کے مطابق حادثے کے باعث علاقے میں ٹریفک بھی بند کردی گئی ہے جبکہ امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔ بلیئر ٹاؤن شپ کی سپروائزر نکول بلونشائن نے کہا کہ ان کے علم کے مطابق زمین پر کسی شخص کے زخمی ہونے یا کسی گھر کو نقصان پہنچنے کی اطلاع نہیں ہے۔طیارہ معمول کی تربیتی مشق میں حصہ لے رہا تھا۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔





