عالمی شہرت یافتہ گلوکار 70 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

معروف امریکی آر اینڈ بی گلوکار اور گریمی ایوارڈ کے لیے نامزد فنکار فریڈی جیکسن 70 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
خاندان کی جانب سے جاری بیان میں فریڈی جیکسن کے انتقال کی تصدیق کی گئی بیان کے مطابق گلوکار اپنی 70ویں سالگرہ کے صرف تین روز بعد پیر کے روز دنیا سے رخصت ہوئے تاہم ان کی موت کی وجہ ظاہر نہیں کی گئی۔
خاندان نے اپنے بیان میں کہا کہ فریڈی جیکسن صرف ایک لیجنڈری آواز کے مالک نہیں تھے بلکہ ایک مہربان اور فیاض انسان بھی تھے جو اپنے مداحوں، اہل خانہ، دوستوں اور موسیقی سے بے حد محبت کرتے تھے۔
نیویارک کے علاقے ہارلم میں پیدا ہونے والے فریڈی جیکسن نے 1980 کی دہائی میں ’Rock Me Tonight (For Old Times Sake)‘ اور ’You Are My Lady‘ جیسے گانوں کے ذریعے غیر معمولی شہرت حاصل کی۔ ان کی منفرد آواز اور پُرسوز انداز نے انہیں آر اینڈ بی موسیقی کے نمایاں فنکاروں میں شامل کردیا۔
فریڈی جیکسن نے کم عمری میں سول اور گوسپل موسیقی سے وابستگی اختیار کی انہوں نے وائٹ راک بیپٹسٹ چرچ میں گوسپل گائیکی سے اپنے فنی سفر کو آگے بڑھایا، جبکہ بعد ازاں نیویارک کے کلبز میں پرفارم کرتے ہوئے مو سیقی کی دنیا میں قدم مضبوط کیا۔
1970 کی دہائی کے اواخر میں وہ Mystic Merlin نامی بینڈ کا حصہ بنے، تاہم بعد میں نیویارک واپس آکر 1985 میں اپنا پہلا البم ’Rock Me Tonight‘ ریلیز کیا، جس نے انہیں راتوں رات آر اینڈ بی موسیقی کے بڑے ستاروں میں شامل کردیا یہ البم پلاٹینم سرٹیفائیڈ ہوا جبکہ فریڈ ی جیکسن کو اسی البم کے باعث دو مرتبہ گریمی ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا, انہیں بہترین نئے فنکار اور ’You Are My Lady‘ پر بہترین مرد آر اینڈ بی ووکل پرفارمنس کی کیٹیگری میں نامزدگی ملی۔
ان کا دوسرا البم ’Just Like the First Time‘ بھی 1987 میں ریلیز ہوا اور اسے بھی پلاٹینم کا درجہ حاصل ہوا۔ فریڈی جیکسن 1980 کی دہائی اور 1990 کی دہائی کے اوائل میں بل بورڈ کے آر اینڈ بی چارٹس پر نمایاں رہے اور ان کے گانے ریڈیو پر بھی مقبول رہے۔
ان کی آخری رسومات سے متعلق تفصیلات خاندان کی جانب سے آئندہ چند روز میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں





