جمعہ، 13 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

افغان طالبان کا عوام دشمن چہرہ بے نقاب، قندھار میں عوامی احتجاج پُرتشدد تصادم میں بدل گیا

مصنف:

قندھار: افغانستان کے شہر قندھار میں پاکستانی ادویات کی مارکیٹوں پر طالبان اہلکاروں کی کارروائی اور ادویات ضبط کرنے کی کوشش کے خلاف تاجروں اور شہریوں کا احتجاج پُرتشدد جھڑپوں میں تبدیل ہوگیا، جس کے نتیجے میں 6 شہری اور 5 طالبان اہلکار زخمی ہوگئے۔


افغان جریدے افغانستان انٹرنیشنل کے مطابق طالبان اہلکاروں نے قندھار میں ادویات کی مارکیٹوں پر دھاوا بولتے ہوئے پاکستانی ادویات ضبط کرنے اور انہیں نذرِ آتش کرنے کی کوشش کی، جس پر تاجروں اور شہریوں نے شدید احتجاج کیا۔


رپورٹ کے مطابق احتجاج کے دوران شہریوں نے طالبان اہلکاروں کے خلاف مزاحمت کی اور ان کی گاڑیوں کو ڈنڈوں اور پتھروں سے نشانہ بنایا۔ جھڑپوں کے نتیجے میں 11 افراد زخمی ہوئے، جن میں 6 عام شہری اور 5 طالبان اہلکار شامل ہیں۔


افغانستان انٹرنیشنل کے مطابق طالبان اہلکاروں نے احتجاج میں شریک 22 تاجروں اور ملازمین کو بھی گرفتار کرلیا، جبکہ جھڑپوں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرنے والے افغان شہریوں کو دھمکیوں کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔


رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ افغانستان بنیادی طبی سہولیات اور ادویات کی ضروریات پوری کرنے کے لیے درآمدات پر انحصار کرتا ہے، جن میں تقریباً 70 فیصد ادویات پاکستان سے درآمد کی جاتی ہیں۔


پاکستانی ادویات کی ضبطی کے خلاف احتجاج اور تاجروں کی گرفتاریوں کے واقعے نے افغانستان میں ادویات کی دستیابی اور عوام کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق سوالات کو جنم دیا ہے۔