بدھ، 14 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ایئر انڈیا کی پرواز کو ہائی جیک الرٹ، جے پور ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

airindia jahaz
مصنف:

جے پور: جرمنی کے شہر فرینکفرٹ سے بھارتی دارالحکومت دہلی آنے والی ایئر انڈیا کی بین الاقوامی پرواز AI-2030 کو ہائی جیک کا الرٹ موصول ہونے کے بعد جے پور ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی۔


ابتدائی اطلاعات کے مطابق، طیارے کے پائلٹ کی جانب سے مبینہ طور پر غلطی سے بٹن دبنے یا تکنیکی خرابی کے باعث ہائی جیک الرٹ جاری ہوا۔رپورٹ کے مطابق، احمد آباد ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کو طیارے سے چند سیکنڈ کے لیے اسکواک 7500 (Squawk 7500) کوڈ کا سگنل موصول ہوا۔ یہ کوڈ بین الاقوامی سطح پر طیارے کے ہائی جیک ہونے یا اس میں غیر قانونی مداخلت کی اطلاع دینے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔الرٹ موصول ہوتے ہی سیکیورٹی ادارے متحرک ہوگئے اور طیارے کا رخ دہلی کے بجائے جے پور کی جانب موڑنے کا فیصلہ کیا گیا۔ طیارے نے صبح تقریباً 9 بج کر 45 منٹ پر جے پور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی، جس کے بعد اسے ایئرپورٹ کے محفوظ حصے آئسولیشن بے میں منتقل کردیا گیا۔طیارے کی لینڈنگ کے بعد سیکیورٹی اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں پائلٹس کو طیارے سے باہر نکالا اور ان سے پوچھ گچھ شروع کردی۔ طیارے میں سوار تقریباً 250 مسافروں اور عملے کے ارکان کو بھی بحفاظت اتار کر ہولڈنگ ایریا میں منتقل کردیا گیا۔

سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف)، مقامی پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے طیارے اور مسافروں کے سامان کی تفصیلی تلاشی شروع کردی، جبکہ دیگر متعلقہ سیکیورٹی ادارے بھی کارروائی میں شریک ہیں۔ ممکنہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے نئی دہلی میں نیشنل سیکیورٹی گارڈ (این ایس جی) کو بھی تیار رہنے کی ہدایت دی گئی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق، ہائی جیک کا سگنل چند سیکنڈ تک موصول ہوا۔ شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ پائلٹ کی جانب سے غلطی سے بٹن دبنے یا کسی تکنیکی خرابی کے باعث یہ سگنل بھیجا گیا، تاہم واقعے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔رپورٹ کے مطابق، گجرات اینٹی ٹیررسٹ اسکواڈ (اے ٹی ایس) اور دیگر سیکیورٹی ادارے واقعے کے مختلف پہلوؤں کی تحقیقات کررہے ہیں۔ حکام کی جانب سے تاحال کسی حقیقی ہائی جیک یا بم کی دھمکی کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔حکام کے مطابق، طیارے اور سامان کی مکمل سیکیورٹی جانچ کے بعد ہی پرواز کو دہلی روانہ کرنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ تمام مسافروں اور عملے کے ارکان کے محفوظ ہونے کی اطلاع ہے۔