جمعرات، 12 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

امیتابھ بچن کا بنگلہ ’جلسہ‘ خاندانی تنازعے کی زد میں، بھابھی نے جائیداد منتقلی چیلنج کردی


بالی ووڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن کا ممبئی کے علاقے جوہو میں واقع مشہور بنگلہ ’جلسہ‘ خاندانی جائیداد کے تنازعے میں گھر گیا، جہاں اداکار کی بھابھی رامولا بچن نے جیا بچن کے نام 1993 میں کی گئی جائیداد کی منتقلی کو چیلنج کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امیتابھ بچن کے بھائی اجیتابھ بچن کی اہلیہ رامولا بچن نے گزشتہ 7 ماہ کے دوران رجسٹریشن حکام کو متعدد شکایات درج کرائی ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ انہیں جائیداد کی منتقلی کے بارے میں علم نہیں تھا اور نہ ہی انہوں نے اس کی منظوری دی تھی۔


رپورٹس کے مطابق 1993 میں ایک تحفے کی دستاویز کے ذریعے بنگلے کی ملکیت جیا بچن کو منتقل کی گئی تھی۔ تاہم رامولا بچن کا نام سرکاری پراپرٹی ریکارڈ میں اب بھی موجود ہے، جبکہ کپول ہاؤسنگ سوسائٹی کے ریکارڈ میں جیا بچن کو بنگلے کی مالک ظاہر کیا گیا ہے۔