جمعہ، 13 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اپنے ہی گھر میں فیصلے کرنے کا اختیار نہیں، شاہ رخ خان کا دلچسپ انکشاف

مصنف:

بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے گھر منت میں انہیں کسی بھی معاملے میں فیصلہ کرنے کا اختیار حاصل نہیں، کیونکہ یہ گھر ان کی اہلیہ گوری خان کا ہے۔


حال ہی میں شاہ رخ خان نے دبئی میں ایک تقریب میں شرکت کی، جہاں معروف فلم ساز اور میزبان کرن جوہر نے ان سے دلچسپ سوال کیا کہ انہیں اپنے ہی گھر میں کون سے کام کرنے کی اجازت نہیں ہے؟


شاہ رخ خان نے مزاحیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہیں گھر کے تقریباً کسی بھی معاملے میں فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ منت دراصل گوری خان کا گھر ہے اور وہ وائی فائی، کھانے پینے، رنگوں، پینٹنگز، سیڑھیوں، لفٹ، چھت، فانوس، روشنیوں اور فرنیچر جیسے معاملات پر بھی اپنی رائے نہیں دے سکتے۔


اداکار نے مزید کہا کہ گھر میں نہ تو وائی فائی کے بارے میں بات کی جا سکتی ہے اور نہ ہی بستر پر کھانا کھانے کی اجازت ہے، جبکہ گھر کی تزئین و آرائش اور دیگر معاملات میں بھی ان کی مداخلت نہیں چلتی۔


گھر کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے شاہ رخ خان نے بتایا کہ کم عمری میں والدین سے محروم ہونے کے بعد شادی سے قبل ان کی اپنی کوئی رہائش نہیں تھی۔ گوری خان سے شادی کے بعد اپنا گھر ہونا ان کے بڑے خوابوں میں شامل تھا۔


انہوں نے کہا کہ گھر انسان کو خوشی اور مشکل دونوں حالات میں سکون اور تحفظ فراہم کرتا ہے۔ باہر کی دنیا میں مشکلات کا سامنا کرنے کے بعد انسان اپنے گھر واپس آکر آرام کرتا ہے، خود کو سنبھالتا ہے اور دوبارہ زندگی کا مقابلہ کرنے کی ہمت حاصل کرتا ہے۔


شاہ رخ خان نے انکشاف کیا کہ گوری خان کے ساتھ مل کر خریدا گیا ان کا پہلا گھر بھی ان کی مالی استطاعت سے بڑھ کر تھا اور منت خریدتے وقت بھی کچھ ایسی ہی صورت حال تھی۔


واضح رہے کہ شاہ رخ خان ان دنوں اپنی آنے والی فلم کنگ (King) کی ریلیز کے منتظر ہیں، جو 24 دسمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔