منگل، 17 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے ایف بی آر کی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات اٹھادیئے


قومی خزانے کی حفاظت کے ذمہ دار ادارے ایف بی آر کی اپنی کارکردگی کیا ہے؟ آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے بڑے سوالات اٹھا دیئے۔ ان لینڈ ریونیو اور محکمہ کسٹمز میں 242 ارب روپے سے زائد کی مالی بے ضابطگیوں کا پول کھل گیا۔ 527 کیسز میں 117 ارب 7 کروڑ روپے کا سپر ٹیکس کم وصول ہوا۔ ضبط شدہ گاڑیوں اور سامان کے ڈسپوزل میں بھی تقریباً 13 ارب روپے کے گھپلے سامنے آئے ہیں۔

آڈیٹرجنرل آف پاکستان کی رپورٹ میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں اربوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، ان لینڈ ریونیو اورمحکمہ کسٹمز میں 242 ارب سے زائد کی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی، ایف بی آر کے انٹرنل کنٹرول سسٹم کا کمزور قراردے دیا گیا۔ سیلز ٹیکس، ایف ای ڈی، پنیلٹی سرچارج کی وصولی، ضبط شدہ سامان کی نیلامی میں بھی مسائل سامنے آگئے۔

دستاویز کے مطابق 527 ٹیکس کیسز میں 117 ارب 77 کروڑ روپے سپر ٹیکس کم وصول ہوا۔ فیلڈ دفاتر نے 159 افراد کو 41 ارب 78 کروڑ کا ان پٹ ٹیکس کریڈٹ غلط دیا۔ 601 کیسز میں 15 ارب 29 کروڑ روپے جبکہ 870 کیسز میں 13 ارب روپے سے بھی زائد کا سیلز ٹیکس شارٹ فال رہا۔ 12 ارب 78 کروڑ روپے کی ضبط شدہ گاڑیاں اور دیگر سامان ڈسپوز آف کرنےمیں گھپلے اور 14 کیسز میں 4 ارب 84 کروڑ روپے کے ناجائز ڈپریسی ایشن کلیم کی ادائیگی کابھی انکشاف ہوا۔

رپورٹ کے مطابق تقریبا 2 ارب روپے کی ان پٹ ٹیکس کی غلط تقسیم ۔ 22 افراد سے ایک ارب 73 کروڑ روپے کم ٹیکس وصول کیا گیا۔ درآمد مال کی غلط درجہ بندی اور کم قیمت لگانےسےقومی خزانے کو 3 ارب 56 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے مطابق بارہا نشاندہی کے باجود کئی سال سے وہی غلطیاں دہرائی جا رہی ہیں۔ بلیک لسٹڈ لوگوں کی انوائسزکی نگرانی، اندرونی کنٹرول مضوبط بنانے اور ناجائز کلیمز روکنے کی سفارش کی گئی۔ کیش انعام کے اصولوں پر سخت عملدرآمد کی ہدایت بھی کر دی گئی۔