آشا بھوسلے: آواز کے آنگن میں زندگی کے رنگ،تحریر:سلیم خان
نقطہ نظرموسیقی کی دنیا میں کچھ آوازیں محض کانوں سے نہیں ٹکراتیں بلکہ روح کے دریچوں پر دستک دیتی ہیں۔ کچھ سُر وقت کی گرد میں گم ہو جاتے ہیں، مگر کچھ آوازیں ایسی ہوتی ہیں جو نسلوں کے حافظے میں ہمیشہ کے لیے گھر کر لیتی ہیں۔ آشا بھوسلے کا شمار بھی انہی غیر معمولی فنکاروں میں ہوتا ہے جن کی آواز نے موسیقی کو محض تفریح نہیں رہنے دیا بلکہ اسے انسانی جذبات، احساسات اور زندگی کے بے شمار رنگوں کا آئینہ بنا دیا۔
آشا بھوسلے 8 ستمبر 1933 کو مہاراشٹر کے شہر سانگلی میں پیدا ہوئیں۔ وہ مشہور گلوکارہ لتا منگیشکر کی چھوٹی بہن تھیں۔ 92 برس کی عمر میں 12 اپریل 2026 کو ممبئی میں انتقال کر گئیں۔
آشا بھوسلے کی فنی عظمت کا بنیادی راز ان کی آواز کا تنوع ہے۔ وہ جب غزل گاتی ہیں تو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے لفظوں نے ریشمی لباس پہن لیا ہو، جب رومانوی نغمے کی تان چھیڑتی ہیں تو فضا میں محبت کی خوشبو پھیل جاتی ہے اور جب شوخ و چنچل گیت گاتی ہیں تو زندگی اپنی تمام تر رنگینیوں کے ساتھ رقص کرنے لگتی ہے۔ ان کے فن میں حیرت انگیز لچک، لہجے کی دلکشی اور اظہار کی ایسی وسعت موجود ہے جو انہیں اپنے عہد کی دوسری گلوکاراؤں سے ممتاز کرتی ہے۔
ان کے گیتوں کا تذکرہ ہو تو سب سے پہلے فلم امراؤ جان کی غزل "دل چیز کیا ہے، آپ میری جان لیجیے" یاد آتی ہے۔ اس ایک مصرعے میں محبت کی سپردگی، آواز کی نزاکت اور جذبے کی گہرائی یکجا ہو جاتی ہے۔ اسی فلم کی غزل "ان آنکھوں کی مستی کے، مستانے ہزاروں ہیں" میں ان کی آواز کا سحر ایک الگ ہی کیفیت پیدا کرتا ہے۔ دوسری طرف فلم ہرے راما ہرے کرشنا کا گیت "دم مارو دم، مٹ جائے غم" ان کے شوخ، بے باک اور منفرد انداز کی علامت بن گیا۔ فلم کارواں کا نغمہ "پیا تو اب تو آ جا، شعلہ سا من دہکے" ان کی آواز کی توانائی اور موسیقی پر غیر معمولی گرفت کا خوب صورت اظہار ہے۔ یہ تمام گیت اس حقیقت کے گواہ ہیں کہ آشا بھوسلے کسی ایک طرز یا کیفیت کی پابند نہیں رہیں۔
آشا بھوسلے کا سفر پھولوں کی سیج نہیں تھا۔ کم عمری میں موسیقی کی دنیا میں قدم رکھنے والی اس فنکارہ نے اپنی محنت، مسلسل ریاض اور غیر معمولی صلاحیت کے بل پر وہ مقام حاصل کیا جس تک پہنچنا ہر کسی کے نصیب میں نہیں ہوتا۔ انہوں نے بدلتے ہوئے زمانوں، موسیقی کے نئے تجربات اور مختلف طرزوں کو جس خوش دلی سے قبول کیا، وہ ان کی تخلیقی وسعت کا روشن ثبوت ہے۔ ان کے ہاں فن کبھی ایک ہی دائرے میں مقید نہیں رہا۔ یہی وجہ ہے کہ کلاسیکی رنگ سے لے کر جدید موسیقی تک ان کی آواز ہر جگہ اپنی شناخت برقرار رکھتی ہے۔
ان کی فنی زندگی میں موسیقار آر ڈی برمن کے ساتھ تخلیقی اشتراک بھی ایک یادگار باب کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس اشتراک نے ہندوستانی فلمی موسیقی کو نئے آہنگ، نئی توانائی اور نئے تجربات سے روشناس کرایا۔ فلم یادوں کی بارات کا گیت "چرا لیا ہے تم نے جو دل کو، نظر نہیں چرانا صنم" رومانوی موسیقی میں ان کی مقبولیت کا ایک روشن حوالہ ہے۔ اسی طرح فلم اجازت کا گیت "میرا کچھ سامان تمہارے پاس پڑا ہے" ان کی گائیکی کے اس سنجیدہ اور جذباتی پہلو کو سامنے لاتا ہے جہاں آواز لفظوں سے آگے بڑھ کر انسانی یادوں کی ترجمان بن جاتی ہے۔
آشا جی کی ایک بڑی خوبی یہ ہے کہ وہ ہر گیت کو محض دھن کے مطابق نہیں گاتیں بلکہ اس کے کردار، ماحول اور جذبے میں پوری طرح ڈھل جاتی ہیں۔ ان کے ہاں کبھی محبت کی سرگوشی سنائی دیتی ہے، کبھی جدائی کا کرب اور کبھی زندگی کی شوخیوں کا بے ساختہ اظہار۔ ان کی آواز میں تجربے کی پختگی بھی ہے اور تازگی کا احساس بھی۔ یہی امتزاج انہیں ایک غیر معمولی فنکارہ بناتا ہے۔
آشا بھوسلے نے ثابت کیا کہ کامیابی صرف شہرت کا نام نہیں بلکہ اپنے فن کے ساتھ عمر بھر وفادار رہنے کا نام ہے۔ انہوں نے موسیقی کے بدلتے ہوئے رجحانات کو اپنایا، نئی نسلوں کے لیے اپنی آواز کے دروازے کھلے رکھے اور ہر دور میں اپنی انفرادیت برقرار رکھی۔ ان کی شخصیت ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ تخلیقی صلاحیت کبھی عمر کی محتاج نہیں ہوتی بشرطیکہ انسان کے اندر سیکھنے اور آگے بڑھنے کی لگن زندہ رہے۔
حقیقت یہ ہے کہ آشا بھوسلے ایک نام نہیں بلکہ موسیقی کی ایک پوری کائنات ہیں۔ ان کے گیتوں میں محبت بھی ہے، جدائی بھی، شوخی بھی ہے اور زندگی کی تلخیوں کا احساس بھی۔ ان کی آواز جب تک کسی کسی بھی محفل یا کسی دل میں گونجتی رہے گی، موسیقی کی دنیا ان کی موجودگی سے محروم نہیں ہو سکے گی۔ فنکار وقت کے ساتھ نظروں سے اوجھل ہو سکتا ہے مگر اس کا فن کبھی رخصت نہیں ہوتا۔ آشا بھوسلے اسی لازوال حقیقت کا ایک دل نشیں استعارہ ہیں۔
آشا بھوسلے کو ملنے والے فلم فئیر ایوارڈز:
1۔ 1968 غریبوں کی سنو وہ تمہاری سنے گا (فلم: دس لاکھ)
2۔ 1969 پردے میں رہنے دو پردہ نہ اٹھاؤ (فلم: شکار)
3۔ 1972 پیا تو اب تو آ جا (فلم: کارواں)
4۔ 1973 دم مارو دم (فلم: ہرے راما ہرے کرشنا)
5۔ 1974 ہونے لگی ہے رات جواں (فلم: نیناں)
6۔ 1975 چین سے ہم کو کبھی (فلم: پران جائے پر وچن نہ جائے)
7۔ یہ میرا دل پیار کا دیوانہ (فلم: ڈان)
آشا بھوسلے کو اسپیشل فلم فئیر ایوارڈ اور لائف ٹائم اچیومینٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
آشا بھوسلے کی کامیابی میں گلوکار محمد رفیع اور موسیقار او پی نیر کا ساتھ بہت نمایاں ہے اور ہمیشہ رہے گا۔
مزید پڑھیں





