پیر، 16 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

بغاوتِ حرف کا چراغ اور باغی رائٹرز فورم،تحریر:ایم زیڈ کنول

نقطہ نظر

باغی وہ نہیں جو محض شور کی بلند آہنگی سے اپنی موجودگی کا احساس دلائے؛ بلکہ باغی وہ ہے جو خاموشی کے جمود میں پہلا سوال رکھ دے، جو مصلحتوں کی دھند میں سچ کا چراغ روشن کرے اور جس کے لیے حرف کی حرمت کسی بھی مصلحت سے زیادہ عزیز ہو۔ بغاوت دراصل شعور کی وہ چنگاری ہے جو لفظوں میں ڈھل کر زمانے کے ضمیر کو آواز دیتی ہے۔ باغی رائٹرز فورم اسی فکری بغاوت اور حرمتِ قلم کا استعارہ ہے۔

یہ فورم کسی اتفاقی لمحے کی پیداوار نہیں، نہ ہی کسی ایک موسم میں کھلنے والی عارضی کونپل ہے۔ اس کے پیچھے معروف صحافی جناب مبشر لقمان صاحب کی برسوں کی فکری ریاضت، ایک واضح وژن اور ایک خواب کی مسلسل آبیاری شامل ہے۔ خواب دیکھنا آسان ہے، مگر اسے اجتماعی حقیقت میں ڈھالنے کے لیے عزم،حوصلہ اور مسلسل جدوجہد درکار ہوتی ہے۔ مبشر لقمان صاحب نے لفظوں کی ایک ایسی بستی آباد کرنے کا خواب دیکھا جہاں قلم محض اظہار کا وسیلہ نہ ہو بلکہ شناخت، حوصلے اور فکری خود مختاری کی علامت بن سکے۔ باغی رائٹرز فورم اسی خواب کی تعبیر ہے۔

کسی ادارے کی اصل قوت اس کا سربراہ ہی نہیں، وہ تمام رفقا بھی ہوتے ہیں جو اپنی صلاحیت، وقت اور توانائی سے اس کے وجود میں روح پھونکتے ہیں۔ اس فورم کی کامیابی کے پس منظر میں ایک ایسی ٹیم کی شبانہ روز محنت کارفرما ہے جس کے افراد محض تقریبات کے منتظم نہیں بلکہ نئے قلم کاروں کے لیے امکانات کے در وا کرنے والے لوگ ہیں۔ کسی نوآموز لکھنے والے کو پہچان دینا، کسی خاموش تخلیق کار کی آواز کو سماعتوں تک پہنچانا اور سینئر اہلِ قلم کے تجربے کو نئی نسل کے لیے روشنی میں تبدیل کرنا ۔ یہ کوئی معمولی کام نہیں۔ بلکہ وہ ادبی خدمت ہے جس کا صلہ ہمیشہ فوری تحسین کی صورت میں نہیں ملتا، مگر اس کے اثرات آنے والے وقت کی ادبی تاریخ میں محفوظ رہتے ہیں۔

باغی رائٹرز فورم کی ایک خوب صورت جہت یہ بھی ہے کہ یہاں سینئرز کا تجربہ جونیئرز کے لیے راستہ روشن کرتا ہے۔ یہاں نئے لکھنے والوں کو محض سامعین کی صف میں بٹھانے کے بجائے ان کے قلم کو شناخت دینے کی روایت پروان چڑھائی جاتی ہے۔ ادب کی دنیا میں سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ بعض اوقات چراغ اپنی روشنی سے نہیں، اپنے تعلقات سے پہچانے جاتے ہیں۔ ایسے ماحول میں کسی نئے چراغ کو اس کی اپنی لو کے حوالے سے شناخت دینا یقیناً قابلِ تحسین عمل ہے۔

باغی رائٹرز ایوارڈ کا اعلان اسی روشن روایت کا ایک اہم قدم ہے۔ یہ محض اعزازات کی ایک فہرست نہیں بلکہ اس اعتراف کا اظہار ہے کہ تخلیقی محنت، ادبی خدمات اور حرف سے وفاداری کی قدر کرنے والے لوگ آج بھی ادب کے ماتھے کا جھومر ہیں

ایوارڈ کی اصل معنویت تمغے یا سند میں نہیں، اس اعتماد میں پوشیدہ ہوتی ہے جو کسی تخلیق کار کو یہ احساس دلاتا ہے کہ اس کی ریاضت بے آواز نہیں رہی، اس کے لفظ کسی زندہ شعور تک پہنچے ہیں۔

اس موقع پر باغی رائٹرز فورم کی پوری انتظامی و ادبی ٹیم کو مبارک باد پیش نہ کرنا بھی ادبی بد دیانتی ہے ۔ بالخصوص ممتاز اعوان صاحب، نوید شیخ صاحب، اعجاز الحق عثمانی صاحب، اور ان تمام رفقا کو جو اپنی محنت سے اس ادبی کہکشاں کے ستاروں کو ایک دوسرے سے مربوط کیے ہوئے ہیں۔ ان کی خدمات کے اعتراف کے ساتھ ان سب کے لیے دلی تحسین اور نیک تمنائیں۔

باغی رائٹرز فورم کی جانب سے باغی رائٹرز ایوارڈ کے لیے مجھ خاکسار کے انتخاب پر میں جناب مبشر لقمان صاحب اور ان کی پوری ٹیم کی تہِ دل سے سپاس گزار ہوں۔ یہ انتخاب میرے لیے محض ایک اعزاز نہیں بلکہ لفظ کے ساتھ میری وابستگی اور ادبی سفر کی ایک حوصلہ افزا قدر افزائی ہے۔ اس اعتماد کو میں اپنے لیے اعزاز کے ساتھ ایک ذمہ داری بھی سمجھتی ہوں، کیونکہ قلم کی حرمت کا تقاضا ہے کہ اسے ستائش کے لمحوں میں بھی اپنے عہد سے غافل نہ ہونے دیا جائے۔

میری دعا ہے کہ مبشر لقمان صاحب کا یہ خواب مزید وسعت پائے، ان کے رفقا کی محنت برگ و بار لائے اور باغی رائٹرز فورم نئے لکھنے والوں کے لیے امکانات کا ایسا دریچہ بنا رہے جہاں کسی قلم کی روشنی اس کے نام، مرتبے یا تعلق کی محتاج نہ ہو۔

آنے والی تقریب کے لیے ڈھیروں نیک تمنائیں۔ یہ بزمِ حرف آباد رہے، یہ چراغ جلتے رہیں اور بغاوتِ فکر کا یہ سفر نئی نسل کے ہاتھوں میں مزید روشن ہوتا رہے۔

جناب مبشر لقمان صاحب اور باغی رائٹرز فورم کی پوری ٹیم کے نام تشکر بھی، تہنیت بھی اور سلامِ تحسین بھی!