پیر، 16 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

دل آزاری،تحریر: صغیرجعفری

نقطہ نظر
saghir h jafry

گھر کی فضا سخت حسد نفرت اور انتقام کی آگ سے آلودہ تھی۔قرابت داری دشمنی میں بدل گئی تھی۔اس کے والدین ایک شخص کی دشمنی کی وجہ سے دائمی بدنامی کا شکار بن گئے تھے ۔اس کا شوہر اس دشمنی میں مار دیا گیا تھا۔اس کے بھائیوں پر ہر وقت انتقام کا خون سوار تھا۔اس گھٹن کے ماحول میں اس کی ایک سہیلی نے اسے کاغذ پر لکھی ہوئی ایک عبارت پڑھنے کو دی ۔ جسے پڑھتے ہوئے اس کے دل و دماغ کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا اس کے دل کے دروازے کھل گئے دل کی کیفیت یکسر بدل گئی اور اسے عجیب سکون و طمانیت محسوس ہوئی۔یہ عبارت قرآن مجید کی سورہ فاتحہ سورہ اخلاص اور سورہ رحمان کی آیات تھیں اور پڑھنے والی درہ بنت ابو لہب تھی۔ انہوں نے سب کچھ چھوڑ کر اسلام قبول کرنے کے لیے مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ ہجرت کی ۔ ان کے اسلام قبول فرمانے سے پہلے میں آپ کو ان کے بارے میں تاریخی حوالے سے حقائق پیش کرنے کی سعادت حاصل کروں گا


حضرت دُرّہ رضی اللہ تعالٰی عنہا بنت ابی لہب کے بارے میں تاریخی اور حدیثی حیثیت یوں ہے:




آپ کا نام درّہ بنت ابی لہب (عبدالعزیٰ) بن عبدالمطلب ہے اور والدہ کا نام اُمّ جمیل أرویٰ بنت حرب بن امیہ تھا۔ اس رشتے سے آپ رسول اللہ ﷺ کی چچا زاد بہن ہیں۔

آپ کے والد ابو لہب اور والدہ ام جمیل اسلام کے شدید ترین دشمنوں میں سے تھے۔ قرآن کریم میں ان کی ہجو میں سورۃ المسد (تبت یدا...) نازل ہوئی۔

آپ کے بھائیوں میں عتبہ، عتیبہ، اور معتب تھے، اور بہنوں میں خالدہ اور عُزّیٰ شامل تھیں۔ عتیبہ کے علاوہ باقی سب نے اسلام قبول کر لیا تھا۔




* آپ کا پہلا نکاح ابتدائی دور میں حارث بن عامر بن نوفل کے ساتھ ہوا تھا بعض روایات میں حارث بن نوفل آتا ہے جو غزوہ بدر میں مشرک کی حیثیت سے مارا گیا۔

* بعد ازاں حضرت دُرّہ رضی اللہ عنہا نے قرآن مجید کی تعلیمات سے متاثر ہو کر اسلام قبول کیا اور مکہ سے مدینہ ہجرت کی۔ مدینہ میں آپ حضرت رافع بن المعلی الزرقی کے گھر مقیم ہوئیں۔آپ نے وحیہ کلبی رضی اللہ تعالٰی عنہ سے نکاح کیا۔وحیہ کلبی نہایت وجیہ تھے ان کی وجاہت اس قدر نفیس اور متاثر کن تھی کہ اکثر اوقات حضرت جبریل علیہ السلام ان کی شکل میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ والسلم کی خدمت میں حاضر ہوتے تھے




* جب حضرت دُرّہ رضی اللہ عنہا مدینہ ہجرت کر کے آئیں، تو بنو زریق کی کچھ خواتین نے آپ سے طنز کے طور پر کہا: "تم وہی ابو لہب کی بیٹی ہو جس کے خلاف قرآن نے (تبت یدا...) نازل کی ، تو تمہاری ہجرت تمہیں کیا فائدہ دے گی؟"

* اس بات سے حضرت دُرّہ رضی اللہ عنہا کو سخت دلی تکلیف پہنچی، اس دلآزاری کی وجہ سے وہ روتے ہوئے شکایت لے کر نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئیں۔

* نبی کریم ﷺ نے انہیں تسلی دی۔ پھر آپ ﷺ نے نمازِ ظہر ادا کی اور منبر پر تشریف فرما ہو کر ایک روایت میں خطبے کے دوران لوگوں سے مخاطب ہو کر فرمایا:

• "اے لوگو! مجھے میرے اہلِ خانہ کے معاملے میں کیوں تکلیف دی جاتی ہے؟ اللہ کی قسم! میری شفاعت میرے اقارب و رشتہ داروں کو بھی پہنچے گی..." اور بعض روایات میں ہے: "ما بالُ من يؤذيني في أهلي؟ فوالله إن شفاعتي لتنال قرابتي..."

نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ والسلم نے اپنی بہن کی اس دلآزاری پر رنجیدہ ہوئے اور بنو زریق کی عورتوں کو اس طرح سورہ الحسب پڑھنے سے منع فرمایا۔

بعد میں اکثر صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اور آئمہ مجتہدین نے نماز میں اس سورہ کی تلاوت ختم کر دی یا محدود کر دی

آج کے دور میں بھی بعض بزرگان دین اور علماء کرام اس واقعہ کی روشنی میں نماز میں سورہ الحسب پڑھنے میں احتراز و احتیاط کرتے ہیں ۔ حالانکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ والسلم نے اس سورہ کو پڑھنے کی ممانعت نہیں فرمائی بلکہ اس واقعہ سے بیزاری کا اظہار فرمایا جس سے حضرت درہ رضی اللہ تعالٰی عنہا کو طعن و تشنیع کا نشانہ بنایا گیا

نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ والسلم کے کردار کی عظمت ملاحظہ فرمائیں کہ دین اسلام کی تبلیغ کے خلاف سب سے زیادہ مخالفت ابولہب اس کی بیوی ام جمیل اور اس کے بیٹوں نے کی۔مگر آپ صلی اللہ علیہ والہ والسلم نے حضرت درہ رضی اللہ تعالٰی عنہا کی دلآزاری پر ان کے خاندان کو اپنا خاندان قرار دیتے ہوئے ان کی عزت نفس کو مجروح نہیں ہونے دیا


...جہاں ہم زیست کے ہر شعبے میں قرآن مجید کی تعلیمات اور نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ والسلم کی سنت مطاہرہ پر عمل پیرا ہونے کی کوشش کرتے ہیں تو وہاں آداب معاشرت کا تقاضا ہے کہ ہم روز مرہ کے معاملات میں ایک دوسرے کے ساتھ حسن کلام کے ساتھ ہم کلام ہوں اور کوئی ایسی بات کرنے سے اجتناب کریں جس سے دوسروں کی دلآزاری ہو۔