مسکراؤ کہ زندگی ابھی باقی ہے ، تحریر:عیشہ محمود
نقطہ نظر
"ہر اس شخص کے نام جس کی مسکراہٹ معدوم ہو چکی ہے۔"
تم مسکراؤ !
تم مسکراؤ کہ شبِ غم کے مقدر میں سحر لکھی جائے
بے رنگ موسموں کے دامن میں رنگ اتر آئیں
اور خاموش فضاؤں میں زندگی کے گیت گونجنے لگیں ۔
تم مسکراؤ کہ دلوں سے وحشت کے موسم رخصت ہوں
روحوں پر جمی تھکن کی برف پگھل جائے
بے یقینی کے سارے حصار ٹوٹ جائیں
اور امید کا سورج ہر دہلیز پر طلوع ہو ۔
تم مسکراؤ کہ خشک لبوں کو بارشوں کی نوید ملے
بے آس آنکھوں کو خوابوں کی دولت نصیب ہو
خزاں رسیدہ شاخوں پر پھر سے کونپلیں پھوٹیں
اور زندگی اپنے تمام تر حسن کے ساتھ لوٹ آئے ۔
تم مسکراؤ کہ نفرتوں کے شہر میں محبت کے چراغ جل اٹھیں
بے رحم زمانے کے رویّے بدل جائیں
ہر آہ کو دعا کا آسرا مل جائے
اور ہر شکستہ دل کو جینے کا حوصلہ ملے۔
تم مسکراؤ کہ ابھی کائنات کے دامن میں بہت سی روشنیاں باقی ہیں
ابھی آسمان پر ستاروں کی حکمرانی باقی ہے
ابھی زمین پر محبت کا امکان باقی ہے
اور ابھی زندگی سے خوب صورت ہونے کی امید باقی ہے۔
تم مسکراؤ کہ تمہاری مسکراہٹ بھی اس بے چین دنیا کے نام ایک خوب صورت دعا ہے۔
تم مسکراؤ کہ ہواؤں کے لبوں پر نغمے سج جائیں
خاموش دریچوں سے زندگی جھانکنے لگے
اور اداس موسموں کے ماتھے سے ویرانی کی گرد اتر جائے ۔
تم مسکراؤ کہ زمین پر رحمتوں کا نزول ہو
بے ثمر شاخوں پر امید کے پھول کھلیں
بجھتے ہوئے چراغوں کو پھر سے روشنی میسر آئے
اور کسی آنکھ میں انتظار کا دکھ باقی نہ رہے ۔
تم مسکراؤ کہ بھوک سے نڈھال چہروں کو رزق ملے
بے گھر لوگوں کو چھت نصیب ہو
بیماروں کو شفا ملے
اور بچھڑے ہوئے لوگوں کے درمیان فاصلے مٹ جائیں۔
تم مسکراؤ کہ نفرتوں کے موسم اپنی آخری سانس لیں
محبتیں پھر سے معتبر ہو جائیں
دلوں میں نرم گوشے آباد ہونے لگیں
اور انسان ہی انسان کے لیے پناہ بن جائے۔
تم مسکراؤ کہ ابھی آسمان نے روشنی بانٹنا نہیں چھوڑی
ابھی زمین نے خواب اگانا ترک نہیں کیے
ابھی دعاؤں کے ہاتھ خالی نہیں لوٹے
اور ابھی امید نے ہار ماننے سے انکار نہیں کیا ۔
تم مسکراؤ کہ شاید تمہاری ایک مسکراہٹ کسی بجھتے ہوئے دل کے لیے زندگی کی پہلی کرن بن جائے۔
تم مسکراؤ کہ زندگی ابھی باقی ہے ۔
مزید پڑھیں


