بلوچستان میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 10 مبینہ دہشت گرد ہلاک، 2 اہلکار زخمی

مصنف:
بارکھان: محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے بلوچستان کے ضلع بارکھان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 10 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ کارروائی کے دوران سی ٹی ڈی کے 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق مصدقہ خفیہ اطلاع ملنے پر آپریشن ردالفتنہ-3 کے تحت بارکھان کے علاقے راڑہ شم میں فتنہ الہندوستان کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 10 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ ہلاک ہونے والوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔سی ٹی ڈی کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی جانے والی اس کارروائی کے دوران محکمہ انسداد دہشت گردی کے 2 اہلکار بھی زخمی ہوئے۔سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔





