جمعہ، 13 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

بانی پی ٹی آئی کے 3 اہم سیاسی رہنماؤں کو پیغامات، گریٹر اپوزیشن الائنس بنانے کی تجویز

مصنف:

بانی تحریک انصاف نے جیل سے تین اہم سیاسی شخصیات کو پیغامات بھجوا دیے، جن میں سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈرز سمیت جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان شامل ہیں۔


نجی ٹی وی کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے تینوں رہنماؤں کو گریٹر اپوزیشن الائنس تشکیل دینے کا پیغام دیا ہے اور کہا ہے کہ موجودہ سیاسی حالات میں اس اتحاد کی تشکیل وقت کی ضرورت ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی تک پیغام پہنچایا، جبکہ مولانا فضل الرحمان کو اخونزادہ حسین یوسفزئی کے ذریعے پیغام بھجوایا گیا۔


بانی پی ٹی آئی نے مولانا فضل الرحمان کو پیغام دیا کہ گریٹر اپوزیشن الائنس کی تشکیل کے لیے علامہ راجہ ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی کے ساتھ مل کر کام کریں۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے اس پیغام کا خیرمقدم کیا ہے۔


ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے خلاف حکومتی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان سے اظہار یکجہتی کیا اور موجودہ سیاسی حالات پر ان کے مؤقف کی حمایت کی۔بانی پی ٹی آئی نے جے یو آئی سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دینے کا اختیار دونوں اپوزیشن لیڈرز کو دے دیا اور ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔دوسری جانب بانی پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ پارلیمانی کمیٹیوں کا بائیکاٹ جاری رہے گا، آئینی ترامیم یا دیگر معاملات اس پارلیمان کا اختیار نہیں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون کی بالادستی کے معاملے پر کوئی سرنڈر نہیں ہوگا، جمہوری جدوجہد جاری رکھی جائے۔