برداشت، احترام اور رواداری مضبوط اور پُرامن معاشرے کی بنیاد ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ برداشت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ برداشت، احترام اور رواداری ایک مضبوط، متحد اور پُرامن معاشرے کی بنیاد ہیں۔ سندھ کی سرزمین صوفیا کی دھرتی ہے، جہاں ہمیشہ محبت، امن، بھائی چارے اور انسانیت کا درس دیا گیا ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کی سرزمین مذہبی ہم آہنگی، ثقافتی تنوع اور رواداری کی علامت رہی ہے۔ اختلافات کے باوجود ایک دوسرے کے عقائد، نظریات اور ثقافت کا احترام کرنا ہی برداشت کا حقیقی مفہوم ہے۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت ہر شہری کے وقار اور مساوی حقوق کے تحفظ کے لیے کوشاں ہے اور برداشت، بین المذاہب ہم آہنگی اور معاشرتی یکجہتی کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مذہب، زبان، نسل اور ثقافت کے اختلافات کو تقسیم کا سبب بنانے کے بجائے اپنی طاقت بنانا ہوگا۔ معاشرے سے عدم برداشت، نفرت اور تعصب کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں، جبکہ نوجوان نسل میں برداشت، رواداری اور باہمی احترام کے جذبات کو فروغ دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کی دھرتی شاہ عبداللطیف بھٹائی، سچل سرمست اور لعل شہباز قلندر کے امن، محبت اور بھائی چارے کے پیغام کی امین ہے۔ ان عظیم صوفیا کی تعلیمات ہمیں انسانیت اور باہمی احترام کا درس دیتی ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت معاشرتی ہم آہنگی اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔ تمام شہریوں کو مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ عالمی یومِ برداشت ہمیں دوسروں کے عقائد، نظریات اور ثقافتوں کا احترام کرنے کی یاد دہانی کراتا ہے۔ برداشت محض ایک رویہ نہیں بلکہ پُرامن، متحد اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے، جس کی تشکیل ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
مزید پڑھیں





