پیر، 16 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پاکستان پُرامن افغانستان کا خواہاں ،سیکورٹی خدشات دور کرنا ہوں گے، اسحاق ڈار

مصنف:

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پُرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان دیکھنا چاہتا ہے، جو علاقائی تعاون کا حصہ بننے کے ساتھ اپنے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بھی پُرامن تعلقات قائم رکھے۔


اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ بامعنی پیش رفت کے لیے افغان حکام کو پڑوسی ممالک کے جائز سکیورٹی خدشات دور کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنا اور محفوظ و مستحکم ماحول کا قیام علاقائی اقتصادی شراکت داریوں کے فروغ اور تسلسل کے لیے ناگزیر ہے۔ پاکستان مکالمے، کشیدگی میں کمی اور دیرپا علاقائی استحکام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خطے میں غیر یقینی صورتحال اور تیزی سے بدلتی ٹیکنالوجی کے تناظر میں علاقائی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان ای سی او چارٹر میں درج اصولوں، مقاصد اور وژن کے لیے پُرعزم ہے اور بانی رکن کی حیثیت سے علاقائی تعاون کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔


اسحاق ڈار نے کہا کہ خودمختاری کی برابری، باہمی احترام، عدم مداخلت اور مشترکہ مفادات پر مبنی تعاون ای سی او کے بنیادی رہنما اصول ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنوبی، وسطی اور مغربی ایشیا کے سنگم پر واقع ہونے کے باعث یہ خطہ غیرمعمولی جغرافیائی اہمیت کا حامل ہے، جہاں اہم تجارتی منڈیاں، وافر قدرتی وسائل اور تجارت کی تاریخی بنیادیں موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جغرافیائی اہمیت کو مضبوط اقتصادی روابط اور مشترکہ خوشحالی میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ خطے کی معاشی ترقی کے لیے مشترکہ اقدامات اور درپیش چیلنجز کا مل کر مقابلہ کرنا ہوگا، جبکہ باہمی تعاون ترقی کی نئی راہیں کھول سکتا ہے۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان 2026 اور 2027 کے لیے اقتصادی تعاون تنظیم کی صدارت سنبھالنے پر فخر محسوس کرتا ہے اور اس مدت کو نتیجہ خیز اور بامقصد بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔


اجلاس کے آغاز پر اسحاق ڈار نے مہمان وفود کا استقبال کیا، جبکہ وفود کے سربراہان کی آمد کے بعد یادگاری گروپ فوٹو بھی بنوایا گیا۔