پیپلز پارٹی کو معلوم ہے کہ اس نے کچھ نہیں کیا، مصطفیٰ کمال

اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ 18ویں آئینی ترمیم نے ملک کو تباہ و برباد کردیا، نئے صوبوں کا قیام کسی سیاسی جماعت کی خواہش نہیں بلکہ ملک کی ضرورت ہے۔
اپنے ایک بیان میں مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ریاستی امور چلانے والوں کو بھی احساس ہوچکا ہے کہ موجودہ نظام بہتر نتائج دینے میں ناکام ہے۔ ان کے خیال میں ملک میں نئے صوبے بنیں گے۔وفاقی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ عوام کی جانب سے کوئی بات سامنے آئے تو وہی سپریم ہوتی ہے، تاہم اس وقت کی جانے والی باتیں محض تجزیہ ہیں۔
انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسے اپنی کارکردگی پر اعتماد ہے تو ملک میں دس صوبے بھی بن جائیں تو اسے کوئی فرق نہیں پڑنا چاہیے۔ پیپلز پارٹی کو معلوم ہے کہ اس نے کچھ نہیں کیا، اسے حالات کی نزاکت کو سمجھنا ہوگا۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ریاستی امور میں غیر مشروط طور پر شامل ہوجانا چاہیے۔ ان کے بقول ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان اور عوام کی سوچ تبدیل ہو رہی ہے۔کراچی کے مسائل پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا چاند پر جا رہی ہے، جبکہ کراچی میں بچے گٹروں میں گر کر جاں بحق ہو رہے ہیں۔
مزید پڑھیں




