بدھ، 18 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے بعد لگتا ہے مجھ سے بھی لڑنے کا فیصلہ کرلیا گیا، بلاول بھٹو


چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت نے پی ٹی آئی سے لڑنے کا فیصلہ کیا، اب نیافیصلہ ہےکہ جے یو آئی سے بھی لڑیں گے۔ لگتا ہے میرے سچ بولنے کے بعد مجھ سے بھی لڑنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ردعمل سے لگتا ہے سچ سننے کا حوصلہ نہیں۔

ایک انٹرویو میں بلاول بھٹو نے کہا کہ مجھ سے اور صدر مملکت سے آج تک کسی نے صوبوں سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔ بحث شروع کی ہے تو اسے جاری رکھنے کی بھی ہمت کریں۔ زور زبردستی سندھ کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی تو ساتھ نہیں دوں گا۔ کوئی ماننے کو تیارنہیں اس نظام میں شفاف الیکشن ہوسکتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ زور زبردستی سندھ کو تقسیم کرنے کے نتائج ہوں گے۔ ایسی آگ لگے گی کہ بجھانا مشکل ہو گا، جو ریفرنڈم کرائے گا سندھ میں امن و امان کی ذمہ داری بھی اسی پر ہو گی۔ حالات اتنے خراب ہوں گے کہ یہی محسن بھائی میرے پاس بھاگتے آئیں گے کہ حالات سنبھالیں لیکن میں ہاتھ اٹھا لوں گا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سسٹم ری سیٹ سے متعلق بات کی جارہی ہے، ہرپاکستان کاحق ہےوہ اس پراپناموقف دے، اگرکوئی ری سیٹ کی بات کررہا ہے تو اسکی شکل کیا ہوگی، ری سیٹ سیاسی ہوگا یا غیرسیاسی جمہوری ہوگا یاغیرجمہوری میں نے اس پربات کی۔ پریس کانفرنس میں دھمکی نہیں دی بلکہ خطرے سے آگاہ کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کےعوام پریشان ہیں اشرافیہ کواس کااندازہ نہیں، میں اسٹیک ہولڈرہوں آپ کومیری بات سنناہوگی، اسٹیک ہولڈر ہوتے ہوئے آپکو حالت کا بتارہاہوں، ہوش کےناخن لیں آپ کتنے محاذوں پر لڑناچاہتے ہیں۔ اگران میں میری بات سننےکا حوصلہ نہیں توعوام کی کیا سنیں گے۔


بلاول بھٹو نے کہا کہ آپ نےایوانوں میں صوبوں کی بحث نہیں کی، آپ نےخود فیصلہ کیاکہ تا جروں سے یہ بحث کرنی ہے، جس نے سسٹم کولیپس کی بات کی وہی بتائے ایساکیوں ہوا، ری سیٹ کرنےکی ذمے داری کیاپی سی بی کو سونپی گئی ہے۔