ہفتہ، 31 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

سندھ کے بلدیاتی اداروں میں مبینہ بے ضابطگیوں پربلاول کے حکم پر تحقیقاتی کمیٹی قائم

Bilawal-bhutto-2
مصنف:

کراچی: سندھ کے بلدیاتی اداروں میں مبینہ بے ضابطگیوں، خلافِ قانون بھرتیوں، بجٹ میں مالیاتی بدعنوانیوں اور اختیارات سے تجاوز کی شکایات سامنے آنے پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر وزیراعلیٰ سندھ نے تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی۔


وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کی سربراہی میں تشکیل دی گئی کمیٹی بلدیاتی اداروں سے متعلق شکایات کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی نے سندھ کی تمام بلدیاتی کونسلز کی جانچ پڑتال اور ان کے بجٹ کا آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔


اس حوالے سے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سندھ کی میونسپل کارپوریشنز، ڈسٹرکٹ کونسلز، ٹاؤنز اور یونین کونسلز میں مبینہ خلاف ورزیوں کی شکایات کا جائزہ لیا گیا۔


ناصر حسین شاہ کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو یونین کونسل کی سطح سے مختلف شکایات موصول ہوئی ہیں، جبکہ ٹاؤنز، میونسپل کارپوریشنز اور ڈسٹرکٹ کونسلز سے متعلق بھی شکایات سامنے آئی ہیں۔


وزیر بلدیات نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ کو شکایات کے ازالے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی تھی، جس کے بعد تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی۔


انہوں نے کہا کہ کمیٹی بلدیاتی اداروں میں مبینہ بے ضابطگیوں کی جانچ پڑتال کرے گی، جبکہ بجٹ آڈٹ کے ذریعے مالی معاملات کا جائزہ لے کر شکایات کے ازالے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔