بدھ، 14 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست قابل سماعت؟ فیصلہ محفوظ

مصنف:

وفاقی آئینی عدالت نے بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا

بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کیس کی سماعت مکمل، عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا، چیف جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے،آرڈر کا انتظار کریں، عدالت نے سزا معطلی کی درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا۔چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر روسٹرم پر آئے، جبکہ سلمان اکرم راجہ بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالتوں نے ہمیشہ خواتین کے معاملات میں نرم گوشہ رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب کا کنڈکٹ گزشتہ 13 ماہ کے دوران قابل اعتراض رہا اور نیب نے متعدد سماعتوں پر التوا لیا۔ وکیل کے مطابق نیب نے سزا معطلی کی درخواست پر بھی اعتراض کیا۔سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ سزا کے بعد بشریٰ بی بی کی ضمانت کا قانونی جواز پیدا ہوچکا ہے۔ انہوں نے بشریٰ بی بی کے خاتون ہونے کی بنیاد پر بھی سزا معطل کرنے کی استدعا کی۔ وکیل کا کہنا تھا کہ کیس میں تمام تر توجہ بانی پی ٹی آئی کی اپیل پر مرکوز رہی۔

چیف جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ اس وقت عدالت کے سامنے سزا معطلی کا کیس ہے، اس لیے میرٹ پر نہ جایا جائے۔ جسٹس علی باقر نجفی نے استفسار کیا کہ عام طور پر مرکزی اپیل سماعت کے لیے مقرر نہ ہونے پر سزا معطلی کی درخواست دائر کی جاتی ہے، تاہم اس کیس میں مرکزی اپیل کتنی مرتبہ سماعت کے لیے مقرر ہوئی؟سماعت مکمل ہونے پر چیف جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ آرڈر کا انتظار کریں۔ عدالت نے بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر کو تحریری دلائل کے نکات جمع کرانے کا حکم بھی دے دیا۔