جمعہ، 30 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ایران امریکا ثالثی میں مثبت پیشرفت پر محتاط انداز میں پُرامید ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر


ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ ایران امریکا ثالثی سے متعلق ہم محتاط انداز میں پر امید ہیں، فیلڈ مارشل کا ایک ماہ میں 2 بار تہران جانا مثبت پیشرفت کی علامت ہے، اگر مثبت پیشرفت نہ ہوتی تو فیلڈ مارشل دو بار تہران نہیں جاتے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کو انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ امریکا ایران ثالثی میں کام بگاڑنے والے، بلا جواز تنقید کرنے والے طاقتور عناصر سرگرم ہیں، یہ طاقتور عناصر سمجھتے ہیں کہ جاری تنازع اور جنگ ان کے مفاد میں ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدے میں نئے ممالک کی شمولیت کی گنجائش موجود ہے، معاہدے کی شقیں نئے ممالک کی شمولیت میں رکاوٹ نہیں ہیں، علاقائی امن کے مشترکہ ویژن پر یقین رکھنے والے ممالک کو خوش آمدید کہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایران سمیت کوئی بھی اگر علاقائی امن کے مشترکہ ویژن پر یقین رکھتا ہے تو وہ معاہدے میں شامل ہو سکتا ہے، نئے ممالک کی معاہدے میں شمولیت کا فیصلہ سعودی عرب، ترکیے، پاکستان کی سیاسی قیادت کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں مزید پاکستانی فوجیوں کی تعیناتی کا انحصار صورتحال، سیاسی قیادت کے فیصلوں پر ہوگا، پاکستان سعودی عرب کے دفاع کے لیے پرعزم ہے، مکہ معاہدہ اور مدینہ منورہ کے مقدس مقامات کا دفاع پاکستان کے عزم کا حصہ ہے