جمعہ، 30 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اسلام آباد:سی ڈی اے کا تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن ، بری امام ہاؤس سیل کر دیا گیا


اسلام آباد: کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور ضلعی انتظامیہ نے تجاوزات کے خلاف مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بری امام ہاؤس کو سیل کر دیا۔ جمعہ کے روز کیے گئے آپریشن میں سی ڈی اے انفورسمنٹ اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں نے حصہ لیا اور ابتدائی طور پر بری امام ہاؤس کو سربمہر کردیا۔

سی ڈی اے کے پلاننگ ونگ کے مطابق بری امام ہاؤس بھی سرکاری اراضی پر تعمیر کیا گیا تھا، جس کے باعث اسے تجاوزات کے زمرے میں شامل کیا گیا۔ اس سے قبل بری امام ہاؤس کے اردگرد قائم تجاوزات کے خلاف بھی آپریشن کیا جا چکا ہے، تاہم اس کارروائی کے دوران بری امام ہاؤس کو سیل نہیں کیا گیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق بری امام ہاؤس کے گدی نشین کے اثر و رسوخ کے باعث ماضی میں نہ تو عمارت کو سیل کیا گیا اور نہ ہی اس کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں لائی گئی تھی۔

تاہم جمعہ کے روز ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے انفورسمنٹ کے مشترکہ آپریشن کے دوران بری امام ہاؤس کو پہلی مرتبہ ابتدائی طور پر سیل کر دیا گیا۔ کارروائی کو اسلام آباد میں سرکاری اراضی پر قائم تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔