جمعہ، 16 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

کوویڈ-19 پھر سر اٹھانے لگا، برطانوی اسپتال میں مریضوں کی تعداد میں 40 فیصد اضافہ

Covid

برطانیہ میں کوویڈ-19 ایک مرتبہ پھر سر اٹھانے لگا ہے جہاں اسپتالوں میں فلو کے باعث مریضوں کی تعداد میں 40 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی سانس کی نالی کے مختلف وائرل انفیکشنز نے اپنے پر پھیلانے شروع کر دیے ہیں، جس کے نتیجے میں طبی مراکز پر مریضوں کا بوجھ بڑھتا جا رہا ہے۔

تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق کووڈ-19 اور موسمی فلو کے وائرس سے متاثرہ افراد، بالخصوص معمر افراد اور دائمی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو اسپتال میں داخل کروانے کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ سردیوں میں لوگوں کا بند جگہوں پر زیادہ وقت گزارنا اور درجہ حرارت میں کمی وائرس کی منتقل ہونے کی صلاحیت کو بڑھا دیتی ہے، جس سے انفیکشن تیزی سے پھیلتا ہے۔

محکمہ صحت حکام نے تنبیہ کی ہے کہ اگر احتیاطی تدابیر اور ویکسینیشن کی شرح پر توجہ نہ دی گئی تو ہنگامی طبی خدمات اور آئی سی یو (ICU) کی صلاحیتوں پر سخت دباؤ آ سکتا ہے۔

ماہرینِ صحت نے شہریوں کو بروقت ویکسین لگوانے، گنجان مقامات پر ماسک کے استعمال اور ہاتھ بار بار دھونے کی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔