بھارتی گلوکار دلیر مہندی کی پرفارمنس کے دوران ہنگامہ

بھارتی گلوکار دلیر مہندی کی ریاست اتراکھنڈ میں پرفارمنس کے دوران اس وقت ہنگامہ برپا ہو گیا جب ان پر لائیو گانے کے بجائے ریکارڈ شدہ آواز پر پرفارم کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دلیر مہندی کو اتراکھنڈ کے علاقے نریندرا نگر میں منعقدہ ایک میلے میں پرفارم کرنے کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔ منتظمین کو ان کی پرفارمنس سے خاصی توقعات وابستہ تھیں، تاہم شائقین اور موقع پر موجود حکام نے جب انہیں ریکارڈ شدہ آواز پر گاتے دیکھا تو صورتِ حال کشیدہ ہو گئی۔واقعے کے دوران تقریب کے مہمانِ خصوصی اور ریاستی کابینہ کے وزیر سبودھ انیال اسٹیج پر پہنچ گئے اور گلوکار کی پرفارمنس پر تنقید کی۔ اس کے بعد اسٹیج پر تلخ کلامی شروع ہو گئی اور پنڈال میں ہنگامہ آرائی ہونے لگی، جسے پولیس اور منتظمین نے مداخلت کرکے قابو کیا۔
منتظمین نے بعدازاں وضاحت کی کہ دلیر مہندی کو تقریب سے صرف دو روز قبل متبادل گلوکار کے طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ اس شام پرفارم کرنے والی گلوکارہ سونندا شرما طبیعت ناساز ہونے کے باعث تقریب میں شرکت نہیں کر سکی تھیں۔رپورٹ کے مطابق دلیر مہندی نے بیک اسٹیج ریکارڈ شدہ موسیقی کے استعمال کا جواز پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیماری کے باعث وہ براہِ راست گانے کے قابل نہیں تھے، تاہم انہوں نے اپنے ساتھی موسیقاروں کی مدد سے پروگرام جاری رکھنے کی کوشش کی۔بعدازاں پرفارمنس کے دوران تکنیکی مسائل دور کر لیے گئے اور دلیر مہندی نے کچھ حصہ براہِ راست گایا، جس کے بعد شائقین مطمئن ہو گئے اور صورتِ حال معمول پر آ گئی۔
مزید پڑھیں





