سکیورٹی فورسز دشمن کے عزائم ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دشمن کے ہر ناپاک منصوبے کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے۔
وزیراعظم نے بلوچستان کے علاقوں کولپور، کردگاپ اور نوشکی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیم ’فتنہ الہندوستان‘ کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ این فورٹی پر گشت کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دشمن معصوم شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنا کر خطے کا امن تباہ کرنے کی مذموم کوشش کر رہا ہے، تاہم سکیورٹی فورسز دشمن کے عزائم ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے شہدا کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے علاقوں کولپور اور نوشکی میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 16 خارجی بھی ہلاک کیے گئے، جن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دو افغان شہری بھی شامل تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے دو بہادر جوان حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب علی نے بھی جام شہادت نوش کیا۔
مزید پڑھیں





