سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے

خیبرپختونخوا: سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق سوات اور اس کے گردونواح میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.3 ریکارڈ کی گئی، جبکہ زلزلے کی زیرِ زمین گہرائی 80 کلومیٹر تھی۔ زلزلہ پیما مرکز نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے کے بعد شہریوں میں خوف پھیل گیا اور وہ احتیاطاً عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ تاہم ابتدائی طور پر زلزلے کے باعث کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ بھی اسلام آباد، راولپنڈی، صوابی، شانگلہ اور مردان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ اس زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.4 اور زیرِ زمین گہرائی 187 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ اس کا مرکز افغانستان کا ہندوکش ریجن بتایا گیا تھا۔ ماہرین کے مطابق زمین کی تہہ تین بڑی پلیٹوں، یوریشین، انڈین اور اریبئین پر مشتمل ہے۔ زیرِ زمین حرارت اور دیگر ارضیاتی عوامل کے باعث یہ پلیٹس حرکت یا سرکنے لگتی ہیں، جس کے نتیجے میں زمین میں ارتعاش پیدا ہوتا ہے اور اسی کیفیت کو زلزلہ کہا جاتا ہے۔





