کیا ہوا زلیخا کن خیالوں میں گم ہو ؟
وہ جو پچھلے پانچ منٹ سے اس کے آگے کھڑی تھی اس کو اپنی جانب متوجہ نہ ہوتے دیکھ ہلا کر پوچھنے لگی ۔
یہ دنیا بہت جھوٹی ہے دلنشین یہاں سچے لوگوں کی کوئی جگہ نہیں۔
اچھا ! اور تمہیں ایسا کیوں لگا؟
کیوں لگنا چاہیے تھا؟
کیا تم نہیں دیکھ رہی میں آج تنہا ہوں صرف اس لیے کہ میں نے سچ کا ساتھ دیا۔
سچ کا ساتھ دینے سے کوئی تنہا نہیں ہو جاتا زلیخا۔
لیکن میں ہو گئ ہوں سب تمہارے سامنے ہے دلنشین۔
نہیں زلیخا ! تم صرف ظاہری طور پر تنہا ہو حقیقت میں تمہارا سچ، تمہاری ایمانداری اور تمہارا وقار تمہارے ساتھ ہے، اور جب یہ سب چیزیں ساتھ ہوں تو دوسرے لوگوں کے سہارے کی کیا ضرورت، وہ بھی ان لوگوں کا سہارا جو صرف مخلصی کا نقاب پہنے گھومتے ہیں۔
کیا سچ کا ساتھ دینا کوئی گناہ ہے دلنشین؟
زلیخا کی بات پر پہلے تو وہ حیران ہوئی پھر کچھ سوچ کر مسکرا دی۔
تم سراب اور حقیقت میں فرق جانتی ہو زلیخا؟
دلنشین کے سوال پر وہ کچھ سوچ میں پڑی تھی پھر کچھ توقف کے بعد بولی ،
"سراب ایک فریب ہے جس میں سب کچھ وہ ہوتا ہے جو حقیقت نہیں جب کہ حقیقت اصل ہے ہر شے کا ہر انسان کا۔"
بالکل درست کہا تم نے !
یہ دنیا جھوٹوں کے لیے اک فریب اور سچے لوگوں کے لیے ایک حقیقت ہے زلیخا۔
لوگ جھوٹ کی تلوار پکڑ کے یہ سوچتے ہیں کہ فتح ان کی ہوئی کیونکہ ایک سراب ہے جھوٹ کا سراب جو انہیں اپنے گھیرے میں لیے ہوئے ہے جس میں لپٹ کر وہ انسانیت بھول جاتے ہیں۔
وہ بھول جاتے ہیں کہ جس زمین پر وہ یوں اکھڑا کے چل رہے ہیں وہی زمین ایک دن انھیں نگل لے گی۔
لیکن یہ جھوٹ کی تلوار جس سے وہ دوسروں پر وار کرتے ہیں حقیقتا ان پر ہی وار کر رہی ہوتی ہے اور آہستہ آہستہ انہیں زخمی کرتی ہے اور پھر ایک دن یہی تلوار ان کا سر قلم کر کے انہیں زمین بوس کر دیتی ہے کیونکہ جھوٹ کے پیر نہیں ہوتے باطل جتنا بھی جی لے اس کی موت مقرر ہے۔
جب کہ اس کے برعکس حق کی تلوار تھامنے والے آہستہ آہستہ جیت اپنا مقدر کرتے ہیں ۔
حق برحق ہے اس کی موت نہیں ہوتی یہ امر ہے ہمیشہ رہنے والا۔
تم نے وہ مثال نہیں سنی؟
" سو دن گیڈر کے، ایک دن شیر کا۔"
وہ رکی اور ایک لمبی سانس فضا کے سپرد کر کے دوبارہ بولی، تو تمہیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے زلیخا تم صبر کے ساتھ حق کے تلوار تھامے رکھو جیت تمہاری ہوگی،
اور جس دن تمہارا سچ جیت جائے گا اس دن کے بعد نہ تمہارے چہرے پر تھکان ہو گی نہ دل میں کوئی ملامت، اس دن صرف اک اطمینان ہو گا تمہارے جیت جانے کا اطمینان، تمہارے حق کے برحق ہو جانے کا اطمینان۔






